حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علی گڑھ فرینڈز کالونی، سول لائنز ہندوستان میں واقع فرینڈز کالونی پارک میں سید الساجدین، زین العابدین امام علی ابن الحسین علیہ السلام کے یومِ ولادت باسعادت کے پر نور موقع پر شجرکاری کی گئی۔
شجرکاری کی اہمیت، ضرورت اور ذمہ داری پر شرکاء کی توجہ مبذول کراتے ہوئے مہمانِ خصوصی پروفیسر ریاض محمود، اے ایم یو، علی گڑھ نے کہا کہ جس طرح سے ہم اپنے گھروں کی حفاظت کرتے ہیں کہیں اس سے زیادہ اپنی کالونی کے پارک کے پودوں کی حفاظت ضروری ہے اور کالونی کے مکین اپنی زمہ داری نبھائیں ورنہ تاریخ میں اُنھیں غیر ذمہ دار زمرے میں دیکھا جائے گا۔ آج جو معزز شخصیات موجود ہیں وہ اپنی ذمہ داری کو شدت سے احساس کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالٰی نے شجرکاری کی اہمیت اور ضرورت کا ذکر قرآن کریم میں چودہ سو سال قبل ہی کر دیا تھا۔ قرآن مجید میں مختلف حوالے سے مختلف شجر کا ذکر آیا ہے۔ اللہ تعالٰی نے درختوں کو اپنی رحمت قرار دیا ہے۔
معروف کاروباری شخصیت جناب گوہر اسرار صاحب نے پودا لگاتے ہوئے آقا دو جہاں ﷺ کی حدیث پاک کو یاد دلاتے ہوئے کہا "جو شخص درخت لگائے اس کے بعد اس کی نگہداشت، حفاظت اور نگرانی کرکے مکمل درخت کی صورت میں بڑا کر دے تو اس کے لیے اجر کثیر ہے اور یہ صدقۂ جاریہ بن جاتا ہے۔" شعیب شارک صاحب نے شجرکاری کو عبادت سے تصور کرتے ہوۓ بتایا کہ یہ نہ صرف سنت رسولؐ ہے بلکہ ماحول کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے ساتھ ساتھ زمین کی زرخیزی میں معاون و مددگار ہے۔
جناب ندیم خان صاحب نے شجرکاری کی ضرورت اور اس کی ذمہ داریوں پر توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ درخت چرندوں، پرندوں اور متعدد حیوانات کا مسکن ہیں، درخت فضائی جراثیم کو اپنے اندر جذب کر لیتے ہیں اور درخت ماحول میں خوبصورتی پیدا کرتے ہیں لہٰذا کالونی کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ پودوں کی حفاظت کرے۔ اور پارک کے پودوں کو محض اس لئے نہ برباد کریں کہ ان کے گھر کی خوبصورتی کم ہو جاءے گی۔
ندیم خان صاحب نے شجرکاری کے پروگرام میں شامل لوگوں کو بتایا کہ شجر سے محبت انسانیت سے محبت ہے، کیونکہ یہ درخت آکسیجن مہیا کر کے ہماری زیست کا سامان پیدا کرتے ہیں اس لیے اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ فرینڈز کالونی کہ مکینوں اور وابستہ علاقوں کے انسانوں میں درختوں کی ضرورت اور اہمیت سے متعلق شعور کو پیدا کیا جائے۔ اس کی اہمیت ذہن عالیہ کے حوالے کیا کہ ایک درخت 18 افراد اور 36 ننھے بچوں کو آکسیجن فراہم کرواتا ہے، لہٰذا پارک میں شجرکاری، اس کی نگہبانی اور تعاون کریں یہ ہر ایک ذی شعور و ذی عقل کا فریضہ ہے۔
اس پر نور و پر کشش موقع پر فرینڈز کالونی پارک میں شجرکاری کا انتظام و اہتمام ڈاکٹر شجاعت حسین کی جانب سے کیا گیا۔
ڈاکٹر شجاعت حسین نے ایک ماہر طب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ و جدید دور میں ماحولیاتی معاملہ اتنا سنگین و تشویشناک ہے کہ جب مریض کا آپریشن کرتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ پھیپھڑے گلابی ہونے کے بجائے سیاہ ہو رہے ہیں۔ اب معاشرے اور کالونی کے ہر ایک فرد کی زمہ داری ہے کہ شجرکاری کے ساتھ پودوں کی حفاظت کریں، یہ دین اور دنیا دونوں اعتبار سے ضرورت اور لازمی زمہ داری عائد ہوتی ہے۔ کالونی کے مکینوں سے گزارش کی کہ بغیر کسی تفریق، تضاد، تفرقہ، فرقہ بازی، درجہ بندی، گروہ بندی اور شر پسندوں کے بہکانے میں نہ آئیں اور انسانی شعور کا مظاہرہ کریں۔
آخر میں ڈاکٹر شجاعت حسین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔