بدھ 8 اپریل 2026 - 13:52
رہبرِ شہید کے چہلم پر حوزہ علمیہ ایران کی عوامی شرکت کی اپیل

حوزہ/ مرکز مدیریتِ حوزہ علمیہ ایران نے شہید قائدِ امت آیت اللہ العظمیٰ امام سید علی خامنہ ایؒ کے چہلم کے موقع پر ملتِ ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات، مجالس عزاء اور عوامی پروگراموں میں شاندار اور بھرپور شرکت کر کے اپنے عزم، وفاداری اور استقامت کا اظہار کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز مدیریتِ حوزہ ہائے علمیہ ایران نے اپنے ایک باضابطہ پیغام میں ملتِ ایران کی حالیہ دنوں میں میدانوں، سڑکوں اور قومی محاذ پر بھرپور موجودگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے عالمی استکباری سازشوں کے مقابلے میں جو بیداری، استقامت اور حماسی کردار دکھایا ہے، اس نے پوری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ملتِ ایران نے اپنے شہید رہبر کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے عزت، آزادی، دینی غیرت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا ایک تاریخی نمونہ پیش کیا ہے۔ اگرچہ قوم ابھی تک اپنے محبوب رہبر کے جسدِ خاکی کی تشییع اور مکمل سوگواری کا حق ادا نہیں کر سکی، لیکن اس کے باوجود عوام، مسلح افواج اور محورِ مقاومت کے مجاہدین کے شانہ بشانہ امریکہ و صہیونیت کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔

مرکز مدیریت نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو بھی سراہا اور ملک بھر کے عوام، مذہبی انجمنوں، مساجد، مجالس اور دینی مراکز سے اپیل کی کہ وہ شہید رہبر کے چہلم کی مناسبت سے عزائی و حماسی پروگراموں کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کریں۔

بیان میں کہا گیا کہ حوزہ ہائے علمیہ، اساتذہ، طلاب اور دینی شخصیات بھی عوام کے ساتھ ان تقریبات میں شریک ہوں گی، خصوصاً قم المقدسہ میں بدھ کی شب، جمعرات کی صبح حرمِ کریمہ اہل بیت حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا اور 21 شوال بروز جمعہ صبح 11 بجے مصلیٰ قدس قم میں منعقد ہونے والے مرکزی پروگراموں میں خصوصی شرکت کی جائے گی۔

مرکز مدیریتِ حوزہ ہائے علمیہ نے آخر میں اس یقین کا اظہار کیا کہ نصرت و فتح صرف اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہے اور ملتِ ایران اسی روحِ استقامت کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha