حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 6 مئی، 2026ء کو مجلس وحدت مسلمین ضلع نصیر آباد کے زیر اہتمام مسجد امام جعفر صادق علیہ السلام ڈیرہ مراد جمالی میں چہلمِ رہبرِ معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ایؒ کے سلسلے میں مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔ جس میں علمائے کرام، عمائدین اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق مجلسِ عزا سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان علامہ سہیل اکبر شیرازی، سابق صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکرٹری سید عبدالقادر شاہ اور ضلعی صدر سید بہار علی شاہ نے خطاب کیا۔
حجت الاسلام مقصود علی ڈومکی نے اپنے خطاب میں کہا: رہبرِ شہید کی پوری زندگی وقت کے فرعون و یزید کے خلاف جہاد فی سبیل اللہ میں گزری۔ آپ نے انقلابِ اسلامی کی فکری رہنمائی کرتے ہوئے اسلام دشمن استکباری قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 13 جون 2026ء کو قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری و دیگر علماء و اکابرین کی اپیل پر سندھ، بلوچستان سمیت ملک بھر سے قافلے مینارِ پاکستان لاہور کی جانب روانہ ہوں گے، جہاں عوام اپنے عظیم رہبر کے ساتھ عشق و عقیدت کا اظہار کریں گے۔
علامہ سہیل اکبر شیرازی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: رہبرِ معظم ایک بلند پایہ فقیہ، مجتہد، مجاہد عالمِ دین اور انقلابی لیڈر تھے، جنہوں نے طویل عرصے تک امتِ مسلمہ کی صحیح سمت میں رہنمائی کی۔
علامہ سید ظفر عباس شمسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: رہبرِ مسلمین شہید سید علی خامنہ ای آج پوری امتِ مسلمہ کے محبوب رہنما بن چکے ہیں اور ولایتِ فقیہ انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہے۔










آپ کا تبصرہ