حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ انقلابِ حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام سید علی حسینی خامنہ ایؒ و شہدائے جانثاران رہبرؒ کے چہلم کی منابست سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ریجن، امامیہ آرگنائزیشن کراچی ریجن، تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ کراچی، مجلسِ وحدت مسلمین کراچی ڈویژن اور ہیئت ائمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام نشتر پارک کراچی میں ایک عظیم الشان اجتماع بعنوانِ ’’بعثت خون‘‘ منعقد ہوا؛ جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات اور علمائے کرام سمیت ہزاروں مؤمنین اور مؤمنات نے کثیر کی۔

اس موقع پر علمائے کرام نے پاکستان میں موجود امریکی سفارتخانے کو فوری بند کرنے، امریکی سفیروں اور عملے کو ملک بدر کرنے اور خطے کے مسلم ممالک سے نیٹو کے مقابلے میں مشترکہ مسلم عسکری اتحاد قائم کرنے، مسلم ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور اتحاد و یکجہتی کو فروغ اور فلسطین اور لبنان کے عوام پر امریکہ و اسرائیلی جارحیت کو فوری بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
نشتر پارک کراچی میں منعقدہ اس عظیم الشان اجتماع سے اپوزیشن لیڈر سینیٹ و مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، تحریکِ بیداری امت مصطفیٰؐ کے سربراہ علامہ جواد نقوی، گلگت بلتستان کے معروف عالم دین آغا راحت حسین حسینی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید امین شیرازی، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، بزرگ عالم دین شیخ حسن صلاح الدین، علامہ سید علی مرتضیٰ زیدی، جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر علامہ نثار قلندری، علامہ ڈاکٹر عقیل موسیٰ، علامہ صادق رضا تقوی، مولانا اصغر شہیدی، مولانا روح اللہ رضوی، مولانا نعیم الحسن، مولانا آغا زین، مولانا رضا مہدی، مولانا سجاد مرتضوی و دیگر نے خطاب کیا۔

رہبرِ انقلابِ اسلامی شہید امام خامنہ ای کے چہلم کے مرکزی اجتماع میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی سمیت بڑی تعداد میں دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

نشتر پارک کراچی میں عظیم الشان اجتماع کے موقع پر امریکی و اسرائیلی جارحیت میں میناب اسکول ایران کی شہید کمسن بچیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پنڈال میں میناب اسکول کی کمسن شہداء سے متعلق تصاویر کی نمائش بھی لگائی گئی، کمسن شہید بچیوں کی یاد میں اسکول بیگز، جوتے اور کتابیں رکھی گئیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ، لبنان، ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کو مستقل بند کیا جائے، خطے سے امریکی فوجی اڈوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے، پاکستان کو امریکی کالونی نہیں بننے دیں گے، برابری کی سطح پر تعلقات قائم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت اسلام آباد اور دیگر مقامات پر امریکی سفارتخانوں کے سامنے پُرامن احتجاج میں امریکی میرین کمانڈوز کی جانب سے گولیاں چلا کر دہشتگردی کی گئی، امریکی میرین کمانڈوز کی جانب سے شہید ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین نے کہا کہ اگلا مرحلہ مینار پاکستان پر ملک گیر اجتماع کرنا ہے، مینار پاکستان پر فیصلہ کن اجتماع ہوگا، ایران میں صرف ایک قوم کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، ایران کا بچہ بچہ پاکستانی پرچم اٹھا کر شکریہ پاکستان کے نعرے لگا رہا ہے، پاکستان کو یہ عزت یکم مارچ کے شہداء کی بدولت ملی ہے، اتحاد وہ طاقت ہے جس کے آگے دشمن خود جھک جاتا ہے۔
سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ جواد نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم مارچ کو کراچی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، 37 برسوں میں شہید رہبر نے جو کچھ انجام دیا اس کو جاننا بہت ضروری ہے، امام خمینیؒ، شہید مطہریؒ اور شہید بہشتیؒ نے جس نظام سازی کی بنیاد رکھی، آیت اللہ خامنہ ای نے اسے تکمیل تک پہنچایا، شہید آیت اللہ خامنہ ای نے کوئی کام ادھورا نہیں چھوڑا۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ دشمن نے جس کام میں روڑے اٹکائے، رہبر شہید نے اپنے خون سے وہ سارا راستہ صاف کر دیا، جب ایران نے یورینیم بچا لیا تو رہبر کو بھی بچا سکتے تھے، لیکن جو قوم کو چھوڑ کر چھپ جائے وہ رہبر نہیں ہوتا، امام حسینؑ کا فرمان ہے موت قبول کر لو، ظالم کے سامنے سر نہ جھکاؤ، آیت اللہ خامنہ ای نے شہادت سے قبل معاشرے کے تمام 23 طبقات کو ذمہ داریاں بتائیں۔
آغا راحت حسین الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے غیور اور وفادار علماء اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ فلسطین، کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام مظلوم ہیں، دنیا بھر میں ڈھائے جانے والے مظالم کا ذمہ دار امریکہ ہے، امریکہ اور اسرائیل کو نہیں معلوم انہوں نے کس قوم کو چھیڑا ہے، امریکہ ایران سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہید رہبر معظم کے پاک خون سے عہد کرتے ہیں، پاکستانی قوم رہبر معظم سید مجتبیٰ خامنہ ای کے فرمان کی منتظر ہے، دنیا کی توجہ ایران کے بعد اسلامی جمہوری پاکستان کی طرف ہے۔
جماعتِ اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کو دلدل میں پھنسا دیا ہے، جمہوری اسلامی ایران دنیا میں سپرپاور بن کر ابھرا ہے، پوری دنیا حتیٰ یورپی ممالک بھی امریکہ کے خلاف کھڑے ہیں، امریکہ، اسرائیل اور دیگر شیطانی طاقتیں تنہا ہوگئی ہیں۔
اس موقع پر بزرگ عالم دین علامہ شیخ حسن صلاح الدین نے کہا کہ ایران کا جوابی حملہ ایک معجزہ ہے، امریکہ اور اسرائیل کے سپر پاور ہونے کا زعم تباہ ہوگیا، تنہا ایران نے دنیوی سپر پاور کو ذلیل و رسوا کر دیا، اگر صرف 4 ممالک جمع ہو جائیں تو اسرائیل بلکل ختم ہو جائے گا، پاکستان، ترکیہ، ایران اور سعودی عرب مل جائیں تو بہت بڑی تبدیلی آ سکتی ہے، مسلم امہ کے نام نہاد حکمران امریکہ کے غلام ہیں۔

اس موقع پر مقررین نے امتِ مسلمہ کے عظیم رہنما شہید آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای سمیت فلسطین اور لبنان کے شہدائے راہِ مقاومت کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی سے ہی ممکن ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ مسلم دنیا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر عالمی استکباری قوتوں کا مقابلہ کرے۔

مرکزی عظیم الشان اجتماع کے دوران موجودہ رہبرِ انقلاب آیت الله سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای سے تجدیدِ عہد اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقاومت کے مشن کو ہر سطح پر آگے بڑھایا جائے گا۔









آپ کا تبصرہ