منگل 28 اپریل 2026 - 14:40
آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سے علامہ سید جواد نقوی کی جامعۃُ المنتظر لاہور میں اہم ملاقات؛ قومی لائحۂ عمل اور اہم مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال

حوزہ/ جامعۃُ المنتظر لاہور میں آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی مدظلہ العالی سے جامعہ عروۃُ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں آیت اللہ نجفی کی عیادت کے ساتھ ساتھ آئندہ قومی لائحۂ عمل، ملت کو درپیش مسائل اور اہم قومی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں دونوں دینی اداروں کے معزز علماء کرام بھی شریک رہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ جامعۃُ المنتظر لاہور میں آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان و سرپرستِ اعلیٰ جامعۃُ المنتظر، سے جامعہ عروۃُ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں آیت اللہ نجفی کی عیادت کے ساتھ ساتھ موجودہ قومی، ملی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران علامہ سید جواد نقوی نے آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت و سلامتی کے لیے نیک تمناؤں اور خصوصی دعاؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مینارِ پاکستان پر منعقد ہونے والے مرکزی اجتماع کے حوالے سے تفصیلی مشاورت بھی ہوئی، جس میں اجتماع کی تیاری، اہداف، تنظیمی امور اور اسے مؤثر اور تاریخ ساز بنانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، نشست میں موجودہ حالات، امتِ مسلمہ کی وحدت، قومی تقاضوں، ملت اسلامیہ کو درپیش مسائل اور آئندہ قومی لائحۂ عمل کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حساس حالات میں دینی اداروں اور علماء کرام کے درمیان رابطہ، باہمی مشاورت اور مشترکہ حکمتِ عملی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملت کی صحیح رہنمائی اور قومی مسائل کے مؤثر حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔

اس نشست میں جناب مولانا سید حسین شاہ صاحب، جناب مولانا سید ضیاء حسین نقوی صاحب، جناب مولانا لعل خان توحیدی صاحب (ناظم دفتر) اور جناب مولانا حسن مہدی صاحب بھی شریک تھے۔

علامہ جواد نقوی کے ہمراہ وفد میں مولانا محمد توقیر عباس صاحب (پرنسپل جامعہ العروۃ الوثقیٰ)، مولانا ناصر مہدی کربلائی صاحب (ناظمِ اعلیٰ جامعہ العروۃ الوثقیٰ) اور مولانا ذوالفقار حیدر صاحب (استاد جامعہ عروۃُ الوثقیٰ) شامل تھے۔

ملاقات کے اختتام پر دینی و ملی وحدت کے فروغ، باہمی تعاون اور آئندہ اجتماعی پروگراموں کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha