حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 3 مئی یوم آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: صحافت ایک اہم ذمہ داری ہے جس کا ہدف عوام کی رہنمائی کرنا، لوگوں تک درست حقائق اور سچ پہنچانا، ہر قسم کے تعصبات، بے جا طرف داری اور ہر قسم کی جانبداری سے مبرا ہوتے ہوئے تمام معلومات فراہم کرنا ہے جس سے راستہ روشن ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا: دنیا بھر میں آزادی صحافت کیلئے صحافیوں کی قربانیاں بہت زیادہ ہیں۔ ان کا مقصد عالمی سطح پر صحافتی آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات کا حصول بھی ہے جس میں آزادی صحافت میں پیش آنے والی مشکلات اور رکاوٹوں کا سدباب بھی کیا جا سکے۔
قائد ملت جعفریہ نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے صحافیوں خصوصاً فلسطین و غزہ، تہران و بیروت میں خدمات انجام دینے والوں اور فریضہ صحافت کی ادائیگی میں شہید ہونیوالے صحافیوں کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا: فلسطینی صحافیوں نے جانوں کی پرواہ کئے بغیر جس طرح مظلوموں کی آواز کو دنیا تک پہنچایا اور رائے عامہ ہموار کی وہ خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا: آزادی صحافت بنیادی حقوق میں سے ہے اس پر کوئی قدغن نہیں لگائی جا سکتی اورنہ ہی لگانی چاہیے۔ آج صحافت کا عالمی دن منانے کا مقصد اور حقیقی تقاضا بھی یہی ہے کہ صحافتی برادری کو حقیقی صحافی ذمہ داریاں ادا کرنے میں آزادی حاصل ہو۔ آج پرنٹ میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا کا کردار جس اہمیت کا حامل ہے اسے کسی صورت فراموش یا کم نہیں کیا جا سکتا۔ مشکل حالات میں صحافیوں کا کرادر قابل تحسین ہے جو اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر سچ کو عوام کے سامنے لانے کیلئے میدان عمل میں موجود ہیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: صحافت کو انسانی زندگی کو بامقصد بنانے میں کردار ادا کرنے کیلئے اخلاقیات کو اجاگر کرنے اور پھیلانے میں اپنی پوری توانائیاں صرف کرنا چاہئیں، یہ انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے۔









آپ کا تبصرہ