حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین نوری ہمدانی نے شہید رہبر کے دفتر کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمدی گلپایگانی سے ملاقات کے دوران شہید راہ انقلاب رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے کہا کہ شہید رہبر انقلاب نے اپنی 37 سالہ قیادت کے دوران وہی اہداف آگے بڑھائے جو انقلاب اسلامی کے بانی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے متعین کیے تھے۔ ان کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای رحمۃ اللہ علیہ نے نہایت بصیرت اور حکمت کے ساتھ امت اسلامی کی رہنمائی کی اور اسلامی نظام کو عظمت اور استحکام کے ساتھ محفوظ رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان دنوں ایران میں عوام کی بڑی تعداد راتوں کو سڑکوں پر موجود نظر آ رہی ہے، اور یہ عوامی اجتماع دراصل شہید رہبر انقلاب کے احترام اور ان کی خدمات کے اعتراف کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام اپنے رہبر کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے اور اسی لیے وہ ان کے احترام میں بھرپور انداز میں سڑکوں پر نکلے ہیں۔
مرجع تقلید نے مجلس خبرگان رہبری کی جانب سے بروقت اور مناسب انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کی حمایت کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام افراد کو چاہیے کہ وہ نئے منتخب رہبر کی حمایت کریں اور اسلامی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے امید ظاہر کی کہ جن صلاحیتوں اور خوبیوں سے نئے رہبر برخوردار ہیں، ان کی بدولت وہ اپنے فرائض کو کامیابی کے ساتھ انجام دیں گے اور ایران کے دشمن مایوس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں کہ اسلامی نظام کے تمام خدمت گزاروں کے لیے بالخصوص نئے رہبر کے لیے دعا کریں۔
اس ملاقات کے دوران آیت اللہ نوری ہمدانی نے حجت الاسلام والمسلمین محمدی گلپایگانی کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں آپ نے رہبر انقلاب کے ساتھ رہتے ہوئے اہم خدمات انجام دی ہیں اور وہ ذاتی طور پر اس بات کے گواہ ہیں کہ شہید رہبر انقلاب کو آپ پر مکمل اعتماد تھا اور آپ نے ہمیشہ صداقت اور وفاداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
ملاقات کے آغاز میں حجت الاسلام والمسلمین محمدی گلپایگانی نے آیت اللہ نوری ہمدانی کی صحت میں بہتری پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس موقع پر وہ مرجع تقلید کے بروقت، حکیمانہ اور واضح مؤقف پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ