منگل 2 جون 2026 - 16:29
مذاکرات میں رہبر معظم کی ہدایات کی مکمل پاسداری کی جائے: آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی

حوزہ/ قم المقدسہ میں مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ حسین نوری ہمدانی نے صدرِ جمہوریہ کے دفتر کے سربراہ محسن حاجی میرزائی سے ملاقات میں مذاکرات کے حوالے سے رہبر معظم کی متعین کردہ حدود و شرائط کی مکمل پاسداری پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ حسین نوری ہمدانی نے صدرِ جمہوریہ کے دفتر کے سربراہ محسن حاجی میرزائی سے ملاقات میں مذاکرات کے حوالے سے رہبر معظم کی متعین کردہ حدود و شرائط کی مکمل پاسداری پر زور دیا۔

آیت اللہ نوری ہمدانی نے حالیہ مسلط کردہ جنگ کے دوران عوام کو بنیادی اشیائے ضرورت کی فراہمی یقینی بنانے پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ان کی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مناسب انتظام و انصرام کے باعث ملک میں ضروری اشیاء کی قلت پیدا نہیں ہوئی اور عوام کو اس حوالے سے سنگین مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت خلوص اور سنجیدگی کے ساتھ موجودہ مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، جو قابلِ قدر امر ہے۔

مرجع تقلید نے عوامی معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کی زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ اگرچہ ملک غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے، تاہم بہت سے مسائل مؤثر نگرانی اور درست انتظام کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔

آیت اللہ نوری ہمدانی نے مذاکرات کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے مذاکرات کاروں پر اعتماد ہے، لیکن امریکہ پر اعتماد نہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ "عزت، حکمت اور مصلحت" کے اصولوں کو، جن پر رہبر معظم انقلاب زور دیتے ہیں، پیشِ نظر رکھا جائے اور مذاکرات میں رہبر معظم کی متعین کردہ ہدایات اور سرخ خطوط کی مکمل رعایت کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت یا زیادتی کا مناسب جواب دیا جانا چاہیے تاکہ ملک و ملت کی عزت محفوظ رہے۔

انہوں نے قومی وحدت اور یکجہتی کو ملک کی اولین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی فرد یا گروہ کو ایسا بیان یا اقدام نہیں کرنا چاہیے جو اختلاف اور تفرقے کا سبب بنے۔ ان کے بقول نظام کی کلان پالیسیاں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی جانب سے متعین کی جاتی ہیں اور حکام کی ذمہ داری ان پر عمل درآمد ہے۔

آخر میں انہوں نے شہر قم کی علمی و دینی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر عالم اسلام کی توجہ کا مرکز ہے اور مختلف ممالک سے آنے والے زائرین اور شخصیات کا مرکز ہونے کے باعث خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔ انہوں نے صوبہ قم کے گورنر اکبر بہنام جو کی خدمات کو بھی سراہا۔

ملاقات کے آغاز میں محسن حاجی میرزائی نے حکومت کی اہم پالیسیوں اور بالخصوص حالیہ جنگی ایام کے دوران انجام دی گئی کارروائیوں اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha