حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع تقلید حضرت آیتالله نوری ہمدانی سے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ملاقات میں اس مرجع تقلید نے حکومت کے لیے کامیابی کی دعا کرتے ہوئے صدر مملکت کے اخلاص اور دینداری کو ملکی انتظامی ذمہ داریوں میں کامیابی کے اہم عوامل قرار دیا اور کہا: میرا اعتقاد ہے کہ آپ کا اخلاص اور دینداری ملکی امور کو آگے بڑھانے اور عوام کی خدمت میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے اور یہ خصوصیات حکام کے لیے خدمت کے راستے میں قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے جنگ کے دوران ملک کے مشکل حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: جنگ کے دوران مارکیٹ ریٹس کا کامیاب انتظام حکومت کے اہم کاموں میں سے تھا۔ اس طرح کہ عوام نے اپنی روزمرہ زندگی میں کسی کمی کا احساس نہیں کیا جبکہ ہم دیکھتے ہیں کہ دنیا کے بہت سے ممالک میں ایسے حالات میں مارکیٹ میں کس قدر بحران پیدا ہو جاتے ہیں لیکن ہمارے ملک میں موثر انتظام کی بدولت مارکیٹ میں نسبتاً سکون برقرار رہا جو قابل تحسین ہے۔
شیعہ مرجع تقلید نے معاشرے میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا: ہمارا موقف آپ اور حکومت کی حمایت ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ معاشرے میں اتحاد برقرار رکھنا چاہیے۔ اختلافات پیدا کرنا انقلاب کے مفاد کے خلاف ہے اور سب کو رہبر انقلاب کی قیادت میں متحد ہونا چاہیے اور انہیں فیصلہ کن اور حرف آخر سمجھنا چاہیے۔ حکام اور رہبری کے درمیان تعلق بھی امام اور مرید کا سا ہونا چاہیے تاکہ انقلاب کا راستہ قوت کے ساتھ جاری رہے۔
حضرت آیتالله نوری ہمدانی نے علاقائی اور بینالاقوامی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے عسکری محاذ اور مسلح افواج کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا: ہم سمجھتے ہیں کہ عسکری محاذ اور مسلح افواج کو پہلے سے زیادہ تقویت دی جانی چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی سفارتی عمل کو بھی حمایت حاصل ہونی چاہیے۔ مذاکرات کے میدان میں سرگرم افراد کو کمزور نہیں کیا جانا چاہیے اور نہ ہی ان کی توہین کی جانی چاہیے البتہ ضروری ہے کہ دشمن کی شریرانہ خصلت، مکاریوں اور اس کی بدعہدیوں کا سابقہ ہمیشہ پیش نظر رہے۔









آپ کا تبصرہ