حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ سبحانی نے کہا ہے کہ وہ حج کی تعطیلی کے ہمیشہ مخالف رہے ہیں، کیونکہ یہ عظیم الٰہی فریضہ سیاسی مسائل کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے رواں سال کے حج کو ایرانی زائرین کے لیے انتہائی باعزت اور احترام کے ساتھ منعقد ہونے والا حج قرار دیتے ہوئے کہا کہ موصولہ رپورٹوں کے مطابق حجاز مقدس میں ایرانی حجاج کے ساتھ نہایت مناسب اور عزت مندانہ سلوک کیا گیا۔
آیت اللہ العظمیٰ سبحانی نے حج و زیارت کے امور میں رہبر معظم انقلاب کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین سید عبدالفتاح نواب سے ملاقات کے دوران کہا کہ میزبان ملک کی حکومت نے حج کو سیاسی معاملات سے الگ رکھا، جس کے مثبت نتائج عملی طور پر سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اسلامی ممالک کے زائرین نے بھی ایرانی حجاج کا احترام کیا، جبکہ ہوائی اڈوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھی مناسب رویہ اختیار کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دستیاب اطلاعات کے مطابق رواں سال کا حج ایرانی زائرین کی موجودگی کے اعتبار سے سب سے زیادہ باعزت اور باوقار ادوار میں شمار ہوتا ہے۔ مرجع تقلید نے امید ظاہر کی کہ آئندہ برسوں میں بھی تمام مشتاقانِ بیت اللہ کو حج کی سعادت نصیب ہوگی۔
آیت اللہ سبحانی نے اپنے خطاب کے ایک اور حصے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تاریخی اسلامی آثار کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسجد قبا اور مدینہ کے اطراف بعض تاریخی مقامات کی بحالی کی خبریں حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ، بعثت، تبلیغ رسالت، جہاد اور معجزات سے متعلق بے شمار مستند تاریخی آثار موجود ہیں جنہیں آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی اور دینی ورثے کا تحفظ ایک اہم ذمہ داری ہے اور ان آثار کو باقی رکھنا امت مسلمہ کی تاریخی شناخت کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین سید عبدالفتاح نواب نے امید ظاہر کی کہ جو افراد اس سال حج کی سعادت سے محروم رہ گئے ہیں، وہ جلد اس فریضۂ الٰہی کی ادائیگی میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلط کردہ جنگ کے حالات پیش نہ آتے تو تقریباً بیس سال سے منتظر زائرین کی آرزو اس سال پوری ہو جاتی۔









آپ کا تبصرہ