۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
وحید خراسانی

حوزہ/آیۃ اللہ العظمی وحید خراسانی نے کہا کہ حجاج کرام بیت اللہ الحرام کی زیارت کے دوران امام زمان (عجل) کی سلامتی اور ظہور کے لئے دعائیں کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیۃ اللہ العظمی وحید خراسانی نے آج حج کے دوران تبلیغی فرائض سرانجام دینے والے علماء سے ملاقات میں کہا کہ سفرِ حج کوئی عام سفر نہیں ہے، یہ سفر خدا کے گھر کی طرف سفر ہے۔ بیت اللہ الحرام کے زائرین خدا کے خاص مہمان ہیں۔

انہوں نے حجاج کرام کی رہنمائی اور حج کے احکام بیان کرنے میں احتیاط برتنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ دقت اور حوصلے کے ساتھ حجاج کے سوالوں کے جواب دینے کی کوشش کریں۔ حجاج کرام کے مسائل حل کرتے اور جواب دیتے نہ تھکیں، کیونکہ یہی آپ کا فریضہ ہے۔

آیۃ اللہ العظمی وحید خراسانی نے نہج البلاغہ میں امیر المؤمنین علی علیہ السلام کے اس خطبے "واختار من خلقه سمّاعا اجابوا الیه دعوته و صدقوا کلمته" (خداوند متعال نے لوگوں میں سے ایسے لوگوں کا انتخاب کیا جو حج کے لئے اس کی دعوت پر لبیک کہیں اور اس کی باتوں کی تصدیق کریں)، کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اس سفر میں مدعو کیا گیا ہے۔ بیت اللہ الحرام کے زائرین سے کہیں کہ کوشش کریں اور اپنے حج کا ثواب آئمہ علیہم السلام میں سے کسی ایک کو ہدیہ کریں کیونکہ یہ ایک عظیم کام ہے۔

انہوں نے آئمۂ بقیع علیہم السلام کی غربت اور ان بزرگوں کا مدینہ کے زائرین سے تعارف کرانے کی ضرورت کی طرف اشارہ کیا اور اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پا برہنہ بقیع کی زیارت کو جائیں کیونکہ وہاں عرشِ خدا ہے اور اللہ کے فرشتے اپنے پروں کو آپ کے قدموں تلے بچھائیں گے۔

آخر میں، انہوں نے تمام عازمین حج کو امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی سلامتی اور تمام لوگوں کی پریشانیوں اور مصیبتوں کی دوری کے لئے ڈھیروں دعائیں کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ بیت اللہ الحرام کے زائرین سے کہیں، خواہ وہ مدینہ میں ہوں، خانۂ خدا میں ہوں یا عرفات کے میدان میں، امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی سلامتی اور آپ علیہ السلام کے جلد از جلد ظہور کے لئے ڈھیروں دعائیں کریں۔ ان شاء اللہ! آپ اور دیگر حجاج کرام دعاؤں کی قبولیت اور مقبول حج کے ساتھ خیریت سے واپس آئیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .