جمعرات 16 جولائی 2026 - 13:55
آیت اللہ العظمیٰ سبحانی کی مبلغینِ اربعین کو نصیحت؛ قرآن و اہل بیتؑ کی تعلیمات کی روشنی میں پیغامِ عاشورا عام کریں

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ جعفر سبحانی نے اربعین 2026ء کے مبلغین کے ایک اجتماع نام اپنے پیغام میں زور دیا ہے کہ مبلغین اپنی تبلیغ کو قرآن، مستند احادیث اور اہل بیتؑ کی معتبر تعلیمات پر استوار کریں اور عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق پیغامِ عاشورا کو زائرین تک پہنچائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ جعفر سبحانی نے ایران میں مبلغین اربعین کے اجتماع کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسینؑ کی تحریک، تشیع کی روحانی طاقت کا سرچشمہ ہے، اس لیے مبلغین زائرین کے سامنے سیدالشہداءؑ اور ان کے باوفا اصحاب کی سیرت، فضائل اور قربانیوں کو مؤثر انداز میں بیان کریں۔

انہوں نے کہا کہ مبلغین کی گفتگو قرآن کریم، سنتِ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیتؑ کی معتبر تعلیمات پر مبنی ہونی چاہیے۔ غیر مستند روایات، کمزور باتوں اور خرافات سے اجتناب کیا جائے اور دینی معارف کو عقلی دلائل اور قرآنی شواہد کے ساتھ پیش کیا جائے۔

آیت اللہ سبحانی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایک مبلغ کی عملی زندگی اس کی تبلیغ سے زیادہ اثر رکھتی ہے۔ انہوں نے اخلاق، تواضع، صبر، خوش اخلاقی، زائرین کے ساتھ حسنِ سلوک، مختلف ثقافتوں اور مذاہب کا احترام اور حکمت کے ساتھ سوالات کے جواب دینے کو کامیاب تبلیغ کی بنیادی خصوصیات قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مبلغان کو پیغامِ عاشورا کو موجودہ دور کے مسائل اور امتِ مسلمہ کی ضروریات سے جوڑ کر پیش کرنا چاہیے تاکہ نئی نسل اس عظیم تحریک کے حقیقی مقاصد کو بہتر انداز میں سمجھ سکے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے زیارتِ امام حسینؑ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ زائرین کو زیارت کے فلسفے، اہل بیتؑ سے تجدیدِ عہد، ایمان و معرفت میں اضافے اور زیارات کے بلند مضامین سے آگاہ کرنا بھی مبلغان کی اہم ذمہ داری ہے۔

آیت اللہ سبحانی نے زائرین کو آدابِ زیارت، دوسروں کے حقوق، نظم و ضبط اور مقدس مقامات کے احترام کی تلقین کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ زیارت کو محض تفریح یا جشن کا رنگ نہیں دینا چاہیے بلکہ اسے عبادت، معرفت اور واقعۂ عاشورا کی یاد کے ساتھ انجام دینا چاہیے۔

پیغام کے اختتام پر آیت اللہ سبحانی نے عراق کے عوام، علما، عتباتِ عالیات کے ذمہ داران اور حکومت کا لاکھوں زائرین کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایران اور عراق کے درمیان اخوت، محبت اور مکتبِ حسینی کی برکتوں کا روشن مظہر قرار دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha