منگل 28 جولائی 2026 - 07:08
اربعین نے عاشورا کے پیغام کو دنیا کی آزاد قوموں کی مشترکہ زبان بنا دیا، حجۃالاسلام رضا رمضانی

حوزہ/ مجمع جهانی اہل‌بیت(ع) کے سیکریٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی نے کہا ہے کہ اربعین حسینی صرف ایک زیارتی اجتماع نہیں بلکہ ایک عظیم تہذیبی، ثقافتی اور سماجی تحریک ہے، جس نے عاشورا کے پیغام کو دنیا کی آزاد قوموں کی مشترکہ زبان بنا دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جهانی اہل‌بیت(ع) کے سیکریٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی نے کہا ہے کہ اربعین حسینی صرف ایک زیارتی اجتماع نہیں بلکہ ایک عظیم تہذیبی، ثقافتی اور سماجی تحریک ہے، جس نے عاشورا کے پیغام کو دنیا کی آزاد قوموں کی مشترکہ زبان بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربعین حضرت زینب کبریٰ(س) اور امام سجاد(ع) کی تبلیغی و تبیینی سرگرمیوں کا تسلسل ہے اور آج یہی اجتماع دنیا کے سامنے قیامِ امام حسینؑ کے حقیقی مقاصد کو مؤثر انداز میں پیش کر رہا ہے۔

مرکزی اربعین کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حجۃالاسلام رضا رمضانی نے اربعین کی تقریبات کے انعقاد میں اسلامی تبلیغی رابطہ کونسل کے کردار کو سراہا اور کہا کہ مختلف ثقافتی اور انتظامی اداروں کے درمیان ہم آہنگی نے اربعین کے عظیم پروگراموں کو مزید مؤثر بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربعین صرف زیارت کا نام نہیں بلکہ اسلامی تہذیب کے احیاء، دینی بیداری اور انسانی اقدار کے فروغ کی ایک عالمی تحریک ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک، قومیتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کا اس عظیم اجتماع میں شریک ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امام حسینؑ کا پیغام پوری انسانیت کے لیے امید، آزادی اور انصاف کا پیغام ہے۔

سیکریٹری جنرل مجمع جهانی اہل‌بیت(ع) نے کہا کہ اربعین نے اسلامِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حقیقی تعارف، امت مسلمہ کے اتحاد اور محاذِ مقاومت کی نرم طاقت کو دنیا کے سامنے نمایاں کرنے کا بے مثال موقع فراہم کیا ہے۔ ان کے بقول اس عظیم اجتماع کی صلاحیتوں سے میڈیا، ثقافتی سرگرمیوں اور عوامی سفارت کاری کے میدان میں پہلے سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

حجۃالاسلام رضا رمضانی نے کہا کہ جس طرح حضرت زینب کبریٰ(س) اور امام سجاد(ع) نے واقعۂ کربلا کے بعد اپنے خطبات کے ذریعے عاشورا کے پیغام کو ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا، اسی طرح آج اربعین اس پیغام کو دنیا کے عوام تک پہنچانے کا سب سے بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم اجتماع جہادِ تبیین کا عملی مظہر ہے اور حق و باطل کی شناخت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کے سامنے فلسفۂ عاشورا کو صحیح انداز میں پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عاشورا محض تاریخ کا ایک واقعہ نہیں بلکہ اسلام کو تحریف اور انحراف سے بچانے کا فیصلہ کن مرحلہ تھا، جبکہ اربعین اس حقیقت کو دوبارہ اجاگر کرنے اور امامت، ولایت، عدل اور مقاومت کے اسلامی افکار کو عام کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

حجۃالاسلام رضا رمضانی نے عدل کو اسلامِ غدیری کی سب سے نمایاں سماجی خصوصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب بھی اسی فکر کی بنیاد پر برپا ہوا، جس کا بنیادی ہدف ظلم و استکبار کا مقابلہ اور عدل و انصاف کا قیام تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج اربعین امت مسلمہ کے اتحاد اور عالمی استکباری قوتوں کے مقابلے میں محاذِ مقاومت کے اقتدار و استحکام کی روشن علامت بن چکا ہے۔

انہوں نے اربعین کے ثقافتی پہلو کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت کے ساتھ ساتھ ایسے علمی، ثقافتی اور میڈیا پروگرام بھی ترتیب دیے جائیں جو دینی معرفت میں اضافہ کریں، فلسفۂ عاشورا کو عام کریں، امام حسینؑ کے فکری مکتب کو دنیا کے سامنے پیش کریں اور تحریف پر مبنی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha