حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، وزارت جهاد کشاورزی میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین ربانی نے ایران کے شہر قم المقدسہ میں منعقدہ اربعین حسینی کے مواکب کے ثقافتی مبلغین کے توجیہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: اربعین حسینی کا پیدل اجتماع دنیا کے عظیم ترین انسانی اجتماعات میں سے ہے جو مسلمانوں کی ہمدلی اور اتحاد کا مظہر ہے۔ اربعین، وفاداری، ایثار اور ظلم کے خلاف مقاومت کی روشن علامت ہے۔
انہوں نے کہا: اربعین کا یہ عظیم سفر ایک عظیم عمل اور حسین موقع ہے تاکہ عاشورائی ثقافت کو عام کیا جا سکے اور امام حسین علیہ السلام کے الٰہی پیغامات کو مختلف نسلوں تک منتقل کیا جائے۔ اربعین حسینی، عاشورا کی تاریخ اور معنوی و انسانی اقدار سے جڑنے کا بہترین موقع ہے۔ یہ ایام مسلمانوں کے درمیان محبت، اتحاد اور ہمدردی کے احساس کو تقویت دینے کا بہترین وقت ہو سکتے ہیں۔
حجت الاسلام والمسلمین ربانی نے مزید کہا: اربعین کے سفر میں دینی و ثقافتی مبلغین کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ یہی افراد عاشورائی معارف کو بیان کرنے والے اور ایثار و فداکاری کے کلچر کو زندہ رکھنے والے ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب کے ایک اور حصے میں جمہوریہ اسلامی ایران کی دشمنوں کے مقابلے میں طاقت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: ایران نے 12 روزہ جنگ میں ثابت کیا کہ اس کی طاقت و عظمت علاقائی اور عالمی سطح پر بے مثال ہے جو دشمنوں کے لیے بے بسی اور شکست کا پیغام ہے۔ اربعین حسینی کا یہ عظیم اجتماع اسلامی ممالک کے درمیان ثقافتی و دینی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔









آپ کا تبصرہ