جمعرات 14 اگست 2025 - 18:06
اربعین کا سب سے بڑا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹنا اور باہمی اتحاد ہے، مولانا اقبال حیدر حیدری

حوزہ/ ملکِ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے مولانا اقبال حیدر حیدری نے کہا کہ اربعین حسینیؑ کا سب سے اہم پیغام ظلم کے مقابلے میں ڈٹ جانا اور مسلمانوں میں اتحاد و محبت کو فروغ دینا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملکِ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے اور طویل عرصے سے حوزہ علمیہ قم سے وابستہ مولانا اقبال حیدر حیدری اس وقت نجف اشرف سے کربلا تک اربعین حسینیؑ کے پیدل سفر میں شریک ہیں۔

حوزہ نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا اقبال حیدری نے کہا کہ اربعین حسینیؑ ایک عظیم کارنامہ ہے جس نے شیعہ معاشرے میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کی ابتدا اور ترویج میں قدیم زمانے سے علمائے کرام کا نمایاں کردار رہا ہے۔ ابتدا میں یہ سفر صرف چند افراد پر مشتمل مختصر گروپ کی صورت میں ہوتا تھا، لیکن علمائے کرام نے اس کو اجاگر کیا اور ایک منظم تحریک کی شکل دی۔

انہوں نے کہا کہ روایات میں پیدل زیارتِ امام حسینؑ کے ہر قدم پر ملنے والے عظیم ثواب کا ذکر موجود ہے، تاہم اسے ایک اجتماعی اور ہمہ گیر تحریک میں تبدیل کرنے میں عراقی، ایرانی، برصغیر کے ہندوستانی اور پاکستانی علماء نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

مولانا اقبال حیدری کے مطابق، آج ہماری ذمہ داری ہے کہ اربعین کے پیغامات کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔ ظلم کے خلاف ڈٹ جانا، باہمی محبت اور اتحاد کے ساتھ رہنا اربعین کے بنیادی دروس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ڈھائی سے تین کروڑ زائرین کربلا کی جانب رواں دواں ہیں اور اس عظیم اجتماع میں مثالی اتحاد اور امن قائم ہے، جو دنیا کے دیگر معاشروں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر میں مسلمان اکثر اختلافات کا شکار رہتے ہیں، جبکہ اربعین کا پیغام ہمیں تفرقے سے بچ کر اتحاد کی راہ اپنانے کا درس دیتا ہے۔ اتحاد میں فائدہ ہے اور تفرقے میں نقصان، لہٰذا یہ عظیم اجتماع ہمیں اپنے معاشروں میں بھائی چارے، محبت اور یکجہتی کو فروغ دینے کی دعوت دیتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha