حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ جعفر سبحانی نے صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران عوام کی معاشی مشکلات کے حل، قومی اتحاد کے تحفظ اور ملک میں استحکام کو موجودہ حالات کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی فلاح و بہبود، قیمتوں میں استحکام اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
آیت اللہ سبحانی نے کہا کہ مشکل حالات میں ملک کا نظم و نسق دانشمندی، صبر اور تدبر کے ساتھ چلانا ہی کامیاب قیادت کی علامت ہے۔ انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اللہ پر توکل، حوصلے اور امید کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب مدیر وہی ہے جو موجودہ مسائل کے ساتھ مستقبل کی ضروریات کو بھی پیش نظر رکھے۔
مرجع تقلید نے کہا کہ ہر دور کے تقاضے مختلف ہوتے ہیں، اس لیے قومی مفاد میں کیے جانے والے فیصلے وقت کے حالات اور ماہرین کی رائے کے مطابق ہونے چاہییں۔ انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت، صلح حدیبیہ اور دیگر تاریخی معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں بھی اہم سیاسی فیصلے حالات کے مطابق کیے جاتے رہے ہیں۔
ملاقات میں صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے حکومت کی کارکردگی، حالیہ جنگی صورتحال کے دوران انتظامی اقدامات، تعلیمی و طبی انتظامات، مساجد کے کردار اور سفارتی پیش رفت پر رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت، مسلح افواج کی قربانیوں اور رہبرِ انقلاب کی رہنمائی کی بدولت ملک نے حالیہ چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا، جبکہ حکومت عوامی مشکلات کم کرنے اور فلاح عامہ کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔









آپ کا تبصرہ