پیر 30 مارچ 2026 - 14:02
جنگی حالات میں ایرانی قوم کے پُرسکون اور باوقار رویّے نے دنیا کو حیران کر دیا

حوزہ/ مجلسِ شورائے اسلامی میں قم کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین قاسم روانبخش نے کہا ہے کہ جنگی حالات کے باوجود ملک کا نظام مکمل طور پر معمول کے مطابق چل رہا ہے، بنیادی اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور عوام کی میدان میں موجودگی نے دشمن کی تمام سازشیں ناکام بنا دی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے مجلسِ شورائے اسلامی میں قم کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین قاسم روانبخش نے کہا ہے کہ موجودہ جنگی حالات میں ایرانی قوم کے حوصلے، شعور اور پُرسکون طرزِ عمل نے پوری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی سڑکوں، چوراہوں اور شہروں کے مختلف مقامات پر موجودگی پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ نمایاں اور بامعنی ہو گئی ہے۔ ان کے بقول، ایک ایسے حساس مرحلے میں جب ملک کو رہبر کے فقدان اور بعض اعلیٰ کمانڈروں کی شہادت جیسے حالات کا سامنا تھا، دشمن نے یہ گمان کر لیا تھا کہ وہ انقلاب اسلامی کو کمزور کر دے گا، لیکن عوام کی بروقت موجودگی نے یہ سازش ناکام بنا دی۔

قاسم روانبخش نے کہا کہ دشمن داخلی انتشار اور بدامنی پیدا کرنا چاہتا تھا، تاہم ایرانی عوام نے میدان میں آ کر نہ صرف اس منصوبے کو ناکام بنایا بلکہ یہ بھی ثابت کر دیا کہ یہ قوم اپنے انقلاب، اپنے راستے اور اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی بیداری اور قربانی کے جذبے نے دشمن کو حیرت زدہ کر دیا ہے اور مغربی ذرائع ابلاغ اگرچہ اس عوامی استقامت کو نظر انداز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن حقیقت کو چھپایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک میں قانون سازی، حکومتی نظم و نسق اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کا بحران نہیں ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ ایرانی قوم کا یہ باوقار اور منظم رویہ اس بات کی دلیل ہے کہ یہ قوم سخت ترین حالات میں بھی استقامت، نظم اور اعتماد کے ساتھ کھڑی رہ سکتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha