منگل 10 فروری 2026 - 16:54
22 بہمن کے جلوس میں عوام کی حماسی شرکت دشمنوں کی سازشوں کا دوٹوک جواب ہے

حوزہ/ جامعۂ مدرسینِ حوزۂ علمیہ قم کے سربراہ آیت‌اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے کہا ہے کہ رواں سال کے حالات گزشتہ برسوں سے مختلف ہیں اور یومِ اللہ 22 بہمن کے موقع پر عوام کی پُرجوش شرکت دشمنوں کے جارحانہ عزائم اور سازشوں کا مضبوط جواب ہے، جو انقلابِ اسلامی کی طاقت اور استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت‌اللہ حسینی بوشہری نے ایک خصوصی گفتگو میں انقلابِ اسلامی کی کامیابی کی 48ویں سالگرہ کے موقع پر کہا کہ ہم ایک شاندار اور تاریخی انقلاب کے 48ویں سال میں داخل ہو رہے ہیں۔ ہر سال عوام کی بھرپور شرکت پر زور دیا جاتا ہے، لیکن اس سال کے حالات مکمل طور پر مختلف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انقلابِ اسلامی کے دشمن، عوام کو انقلابی اہداف سے دور کرنے کے لیے جارحانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ لوگ 22 بہمن کے جلوس میں شرکت نہ کریں۔

جامعۂ مدرسین کے سربراہ نے کہا کہ انقلاب سے وفادار اور قدردان عوام سے توقع ہے کہ وہ ایک بار پھر عظیم تاریخ رقم کریں گے، تاکہ دشمن یہ دیکھ کر اپنے مذموم عزائم سے دستبردار ہونے پر مجبور ہو جائے۔

آیت‌اللہ حسینی بوشہری نے زور دیا کہ معاشرے کے تمام طبقات، مرد و زن، جوان و بوڑھے، شعوری اور ذمہ دارانہ انداز میں جلوس میں شریک ہوں اور دشمنوں کے مقابل ایک متحد صف قائم کریں، تاکہ وہ اس ملک کے خلاف کسی سازش کا تصور بھی نہ کر سکیں۔

انہوں نے ایرانی قوم کے شاندار ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے بارہا اپنی شجاعت، غیرت اور وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔ 22 دی کے عظیم اجتماع کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا، اور توقع ہے کہ 22 بہمن کو اس سے بھی زیادہ شاندار منظر دیکھنے کو ملے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عوام کی اس عظیم شرکت اور رہبرِ معظم کی دعوت پر لبیک کہنے سے انقلابِ اسلامی کی طاقت مزید مضبوط ہوگی۔ ساتھ ہی انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ عوام کی قدردانی کرتے ہوئے بالخصوص معاشی اور روزگار کے شعبوں میں عوامی اطمینان کے لیے اقدامات کریں، تاکہ قوم اور حکومت مل کر دانشمند قیادت کے سائے میں کامیابی کا سفر جاری رکھ سکیں، ان شاء اللہ۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha