حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم میں انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کے موقع پر 22 بہمن کی عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے کہا کہ آج دنیا میں "خمینی دوم" کی آواز گونج رہی ہے اور رہبر معظم انقلاب اسلامی امام خمینیؒ کے حقیقی جانشین ثابت ہو رہے ہیں، جبکہ بعض لوگ آج بھی استکبار کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 22 بہمن کی یہ ریلی صرف ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ انقلاب اسلامی کی بقا اور دشمنوں کو یہ پیغام دینے کا دن ہے کہ ملت ایران اپنے عہد و پیمان پر ثابت قدم ہے اور کسی بھی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگی۔
آیت اللہ حسینی بوشہری نے انقلاب اسلامی کے تاریخی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیسے حضرت موسیٰؑ کو حکم دیا گیا تھا کہ اپنی قوم کو ظلمت سے نکال کر نور کی طرف لے جائیں، ویسے ہی امام خمینیؒ نے ایران کو استبداد اور استکبار کی زنجیروں سے آزاد کرایا۔ آج بھی انقلاب کے دشمن سرگرم ہیں، لیکن یہ ملت اپنے رہبر کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے دشمن کے ہر وار کا بھرپور جواب دے گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کی دفاعی طاقت اور میزائل ترقی دشمنوں کے لیے حیرت کا باعث بنی ہوئی ہے، اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کے مسائل کا حل اندرونی پور پر خود کفیل ہونے میں مضمر ہے، نہ کہ دشمنوں کے ساتھ مذاکرات میں۔
آیت اللہ حسینی بوشہری نے مزید کہا کہ ایرانی قوم نے اپنا فریضہ ادا کر دیا ہے، اب حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے "تولید و مشارکت" کے نعرے کو انقلاب کی نئی روح قرار دیا اور کہا کہ جب عوام اور حکام مل کر کام کریں گے تو ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔
آپ کا تبصرہ