حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی الحسینی خامنہایؒ کی تشییعِ جنازہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں حجۃالاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ رہبرِ شہید کی شہادت سے عالمِ اسلام بالخصوص محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں۔ اگرچہ دنیا کے مختلف ممالک میں رہنے والے عاشقانِ اہلِ بیت جسمانی طور پر ایران میں موجود نہیں، لیکن ان کے دل، دعائیں اور جذبات اس عظیم غم میں ملتِ ایران کے ساتھ ہیں۔
پیغام حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
﴿وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا ۚ بَلْ أَحْيَاءٌ عِندَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ﴾
عالمِ انسانیت کی عظیم شخصیت، رہبرِ شہید، مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ سید علی الحسینی خامنہایؒ کی شہادت کے بعد سے اہلِ ایمان کے دل غم و اندوہ سے نڈھال ہیں۔ آج ان کے پیکرِ مطہر کی تشییع و تدفین کے موقع پر دنیا بھر کے محبانِ اہلِ بیتؑ اپنے عظیم قائد کو اشکبار آنکھوں سے خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ اگرچہ ہم جسمانی طور پر ایران میں موجود نہیں، لیکن ہمارے دل، ہماری دعائیں اور ہمارے جذبات اس عظیم سوگ میں برابر کے شریک ہیں۔
ادارۂ تنظیم المکاتب کی جانب سے ہم حضرت امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، تمام مراجعِ عظام، علمائے اسلام، ملتِ ایران، خانوادۂ شہید بالخصوص رہبرِ معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہای دامت برکاتہ، اور دنیا بھر کے مؤمنین و مؤمنات کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔
رہبرِ شہید کی پوری زندگی قرآنِ کریم اور سیرتِ محمد و آلِ محمدؐ کی تعلیمات، ولایتِ اہلِ بیتؑ، عزتِ اسلام، مظلوموں کے دفاع اور استقامت کے پیغام سے عبارت تھی۔ دینِ اسلام اور امتِ مسلمہ کے لیے ان کی بے مثال خدمات، علمی و عملی جدوجہد اور عظیم قربانیاں تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ سنہرے حروف میں محفوظ رہیں گی۔
ہم تمام مؤمنین سے اپیل کرتے ہیں کہ اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب اور علوِ درجات کے لیے قرآنِ مجید کی تلاوت، مجالسِ ترحیم، دعاؤں اور صدقات کا خصوصی اہتمام کریں، نیز ان کے بلند افکار، اخلاص، تقویٰ، حق گوئی اور خدمتِ دین کے راستے پر ثابت قدم رہنے کا عہد کریں۔
بارگاہِ ربِّ العزت میں دعا ہے کہ پروردگار اس عظیم خادمِ اسلام کو اپنے خاص اولیاء میں جگہ عطا فرمائے، محمد و آلِ محمدؑ کے جوار میں بلند ترین مقامِ کرامت نصیب کرے اور شہدائے کربلا کی معیت سے سرفراز فرمائے۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سید صفی حیدر
سیکریٹری، تنظیم المکاتب









آپ کا تبصرہ