جمعہ 10 اپریل 2026 - 19:04
دفترِ رہبرِ انقلاب اسلامی: امامِ شہید خامنہ‌ای ملتِ ایران کو اپنی اولاد سمجھتے اور ان کے لیے دعاگو رہتے تھے

حوزہ/ دفترِ رہبرِ انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امامِ شہید حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ‌ای پوری ملتِ ایران کو اپنی اولاد کی طرح سمجھتے تھے اور ہمیشہ ان کے لیے دعاگو رہتے تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفترِ رہبرِ معظم انقلاب اسلامی نے ایک اعلامیے میں عوام کے مختلف طبقات کی جانب سے مسلسل ہونے والے رابطوں اور ان کے غم و افسوس کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض افراد نے حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ‌ایؒ کی حیاتِ مبارکہ میں دشمن کے جھوٹے اور گمراہ کن میڈیا پروپیگنڈے سے متاثر ہو کر نامناسب مؤقف اختیار کیا یا بعض اوقات گستاخی کا ارتکاب کیا، جس پر اب وہ نادم ہیں اور معافی طلب کرنے کا موقع نہ ملنے پر پریشان ہیں۔

بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ ایسے تمام افراد اطمینان رکھیں، کیونکہ شہید امام خامنہ ای پوری ایرانی قوم کو اپنی اولاد کی طرح سمجھتے تھے اور ہمیشہ ان کے لیے دعاگو رہتے تھے۔

اعلامیے کا مکمل متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

ملتِ عزیز، شریف، آزاد اور دلیر ایران کی خدمت میں عرض ہے:

معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے دفتر سے رابطہ کر کے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے کہ وہ دشمن کے جھوٹے اور گمراہ کن میڈیا کے زیرِ اثر آ کر رہبرِ عالی قدر، امامِ شہیدؒ کی شان میں نامناسب مؤقف اختیار کر بیٹھے یا بعض اوقات بے ادبی کے مرتکب ہوئے، اور اب تک معافی طلب نہ کر سکے ہیں۔ اس سلسلے میں وہ رہنمائی کے طلبگار ہیں۔

اس حوالے سے واضح کیا جاتا ہے کہ امامِ شہید نے اپنی حیاتِ مبارکہ میں بارہا ایسے مواقع پر فرمایا کرتے تھے کہ:

"پوری ملتِ ایران میری اولاد ہے، میں ان کے لیے دعاگو ہوں، اور ایسے افراد کو میں معاف کر چکا ہوں، ان سے راضی ہوں اور آئندہ بھی ان کے حق میں دعا کرتا رہوں گا۔"

ایسے تمام افراد مطمئن رہیں کہ وہ اس مہربان دل کی بخشش میں شامل ہیں، جو سمندر کی مانند پوری قوم کو اپنے دامن میں سموئے ہوئے تھا۔ اس رضامندی کی علامت آج عوام کی متحد، پرجوش اور دشمن شکن موجودگی میں واضح نظر آتی ہے، جہاں خداوندِ متعال نے اپنے لطف سے تمام فاصلے مٹا دیے ہیں، اور سب لوگ "اللہ اکبر" کے نعرے کے ساتھ کلمۂ حق کا پرچم بلند کیے ہوئے ہیں۔

اے لوگو! خدا پر بھروسہ رکھیں، باہمی اتحاد، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ساتھ دشمنِ خبیثِ انسانیت پر فتح کے سوا کسی اور چیز کے بارے میں فکر نہ کریں۔ ثابت قدم رہیں اور یقین رکھیں کہ تاریخِ ایران کے شہداء کی دعائیں آپ سب کے شاملِ حال رہی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گی، اور یہی استقامت اللہ کی نصرت اور قریب آنے والی فتح کی نوید ہے، جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

اِن تَنصُرُوا اللهَ یَنصُرکُم وَیُثَبِّت اَقدامَکُم۔

دفترِ رہبرِ معظم انقلاب اسلامی

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha