حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مجلسِ شورائے اسلامی کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے سپاہ کے انٹیلی جنس سربراہ شہید سردار سید مجید خادمی کی شہادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دشمنوں کے لیے آئندہ دنوں میں مزید سخت ضربات منتظر ہیں۔ انہوں نے اس شہادت کو صہیونی حکومت اور امریکہ کی کمزوری کی علامت قرار دیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید خادمی کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمن میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد بزدلانہ کارروائیوں اور دہشت گردی کا سہارا لے رہا ہے، تاہم ایسی سازشیں ہمیشہ ناکام رہی ہیں اور آئندہ بھی دشمن کو اس کا سخت جواب ملے گا۔
قالیباف نے شہید کو ایک بااخلاق، مخلص اور انتھک مجاہد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی ایران کی سلامتی اور استحکام کے لیے وقف کر رکھی تھی اور شب و روز محاذِ جہاد پر سرگرم رہے۔ ان کی مسلسل کوششوں نے دشمن کے لیے سکون کو ناممکن بنا دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آخرکار شہید خادمی کو بھی وہی مقام نصیب ہوا جس کا وعدہ اللہ نے کیا ہے اور وہ دشمنانِ انسانیت کے ہاتھوں شہادت کا جام نوش کر کے اپنے دیگر شہید ساتھیوں سے جا ملے۔
پیغام میں کہا گیا کہ شہید کی خدمات زیادہ تر گمنامی میں رہیں، لیکن آنے والی نسلیں ان کی کاوشوں کے ثمرات سے فائدہ اٹھاتی رہیں گی۔ وہ امام خمینیؒ اور رہبر معظم کے سچے سپاہی تھے اور انہوں نے اپنی جان قربان کر کے قوم کو امن و سکون فراہم کیا۔
قالیباف نے کہا کہ وہ خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ انہیں ایسے مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جو شہداء کی طرح زندگی گزارتے اور بالآخر شہادت کا عظیم انعام پاتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اس سرزمین میں ہمیشہ ایسے افراد پیدا ہوتے رہیں گے جو شہداء کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور دفاعِ وطن کا پرچم بلند رکھیں گے۔
آخر میں انہوں نے شہید سید مجید خادمی کی شہادت پر رہبر انقلاب، ان کے اہلِ خانہ، سپاہ کے اہلکاروں اور ایرانی عوام کو تعزیت و تبریک پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں حضرت امام حسینؑ کے جوار میں بلند مقام عطا فرمائے۔









آپ کا تبصرہ