حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی میں رہبر معظم شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہیئت ائمہ جمعہ اور علمائے امامیہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان علماء کانفرنس منعقد ہوئی جس سے مختلف مسالک و مذاہب کے علماء نے خطاب کیا۔
اس کانفرنس سے اہل سنت علمائے کرام نے تکفیر شکن خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان فرقہ واریت اور انتشار پھیلانے والے تخریب کاروں کو سخت مایوس کیا۔
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہبر معظم سید علی خامنہ ای نے راہ کربلا پر چل کر جو قربانی پیش کی ہے اس نے ہمیں کربلا کی یاد دلائی ہے۔ کربلا ہم نے تاریخ میں پڑھا تھا لیکن آج ہم نے برپا ہوتے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ شہید رہبر معظم صرف ایران کے رہبر نہیں تھے وہ پوری امت مسلمہ کے رہبر تھے۔
آبنائے ھرمز پر ایرانی تسلط کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ ابنائے ھرمز پر ایران کے مکمل تسلط اور امریکی بے بسی نے امریکی نیو ورلڈ آرڈر کو ھرمز کے پانیوں میں ڈبو کر غرق کر دیا ہے اور اب نیا نیو ورلڈ آرڈر امریکہ نہیں بلکہ ایران بنانے جا رہا ہے، کہ اب امریکہ کی بدمعاشی نہیں چلے گی۔ آبنائے ھرمز سے وہی گزرے گا جسے ہم اجازت دیں گے، یہاں سے وہی گزرے گا جو امریکہ کا یار نہیں ہو گا۔
ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے مزید آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کی رہبریت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے نئے رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کی قیادت میں امریکہ کے سامنے جس شجاعت اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور جس طرح امریکہ کو رسوا کیا ہے اس سے دنیا کے دیگر ممالک کو بھی امریکی آمرانہ سیاست اور تسلط طلبی کے مقابلے میں "نہ" کہنے کی جرات پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے دنیا کے دیگر ممالک کو امریکہ کے سامنے انکار کرنے کی جرات سکھائی ہے یہی وجہ ہے کہ آج برطانیہ امریکہ کے مطالبے کو ماننے سے انکار کر رہا ہے، سپین انکار کر رہا ہے، جرمنی انکار کر رہا ہے، نیٹو انکار کر رہا ہے، یہ جرات ایران نے ان کے اندر پیدا کی وگرنہ اس سے پہلے کون تھا جو امریکہ کے کسی مطالبے کے سامنے انکار کی جرات کرتا۔
آج رہبر معظم سید مجتبی خامنہ ای صرف ایران کے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے رہبر ہیں جس عظیم باپ کے یہ فرزند ہیں ان سے ایسی ہی شجاعانہ اور دلیرانہ قیادت کی توقع ہے۔









آپ کا تبصرہ