منگل 21 جولائی 2026 - 04:47
رہبرِ شہید نے اپنی حیاتِ مبارکہ اور اپنی شہادت کے ذریعہ پوری امتِ مسلمہ کی عزت و وقار میں اضافہ کیا

علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی:

رہبرِ شہید نے اپنی حیاتِ مبارکہ اور اپنی شہادت کے ذریعہ پوری امتِ مسلمہ کی عزت و وقار میں اضافہ کیا

رہبرِ شہید کی تشییع میں ایرانی قوم کے اتحاد، عظمت اور امتِ مسلمہ کی امیدوں کا عملی مظاہرہ دیکھا

حوزہ / علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا: رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای کی تشییع اور نمازِ جنازہ میں شرکت میرے لیے ایک تاریخی اور ناقابلِ فراموش تجربہ تھا، جہاں ایرانی قوم کے اتحاد، وفاداری اور انقلاب اسلامی سے وابستگی کا بے مثال منظر پوری دنیا نے دیکھا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر جعفریہ الائنس پاکستان اور معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے ایران کے دورے کے دوران حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رہبرِ شہید کی المناک شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا: سب سے پہلے میں اس جانگداز اور پرسوز شہادت پر تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا: حضرت آیت اللہ محسن قمی کی دعوت پر ہمیں رہبرِ شہید کی تشییع اور نمازِ جنازہ میں شرکت کا شرف حاصل ہوا۔ اس موقع پر قم میں مختلف اداروں نے ہماری بہترین میزبانی کی اور ہر مرحلے پر زائرین و مہمانوں کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے، جس پر میں تمام متعلقہ اداروں اور ذمہ داران کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا: تشییع کے مراسم میں دنیا کے تقریباً سو ممالک سے مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات شریک تھیں۔ ان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں اور نشستوں سے مختلف ممالک میں امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل اور حالات سے آگاہی حاصل ہوئی، جو ہمارے لیے نہایت مفید اور سبق آموز تجربہ ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا: رہبرِ شہید کے جسدِ مطہر کے قریب حاضری، نمازِ جنازہ میں شرکت اور آخری دیدار کی سعادت حاصل ہوئی۔ بعض مواقع پر جسدِ مطہر کو منتقل کرتے وقت ہمیں کندھا دینے کا شرف بھی نصیب ہوا، جو میری زندگی کے عظیم ترین اعزازات میں سے ایک اور ہمیشہ یاد رہنے والا لمحہ ہے۔

صدر جعفریہ الائنس پاکستان نے کہا: قم میں ہونے والی تشییع اپنے عظیم الشان مناظر کے اعتبار سے انتہائی منفرد تھی۔ آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی کی اقتدا میں ادا کی جانے والی نمازِ جنازہ اور خصوصاً ان کی دعائیں اور تکبیرات ایک روح پرور اور ایمان افروز منظر پیش کر رہی تھیں، جس نے حاضرین کے دلوں پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

رہبرِ شہید نے اپنی حیاتِ مبارکہ اور اپنی شہادت کے ذریعہ پوری امتِ مسلمہ کی عزت و وقار میں اضافہ کیا

انہوں نے امتِ مسلمہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: میں پوری امتِ اسلامیہ، خواہ شیعہ ہو یا سنی، سے مخاطب ہوں۔ جو اللہ تعالیٰ کی توحید، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت، کعبۃ اللہ کی مرکزیت، حضرت علی علیہ السلام کی ولایت اور امام حسین علیہ السلام کی قربانی پر ایمان رکھتے ہیں، ان کے لیے عزت، عظمت اور سربلندی کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے۔

علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے جمہوریہ اسلامی ایران، مقام معظم رہبری، حضرت آیت اللہ اعرافی، حضرت آیت اللہ محسن قمی اور دیگر ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیں اپنے غم میں شریک ہونے اور اس تاریخی موقع کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔

انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: رہبرِ معظم انقلاب اسلامی، شہیدِ امت حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای نے اپنی حیاتِ مبارکہ اور اپنی شہادت کے ذریعے پوری امتِ مسلمہ کی عزت و وقار میں اضافہ کیا۔ آپ نے ہمیں استقامت، عزت، آزادی اور حسینی کردار کا درس دیا اور آپ کی شہادت نے ہمیں کربلائی فکر سے مزید وابستہ کر دیا ہے۔

علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا: مجھے یقین ہے کہ عالمِ اسلام کا مستقبل روشن ہے۔ انقلاب اسلامی کا یہ پرچم اللہ تعالیٰ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں آگے بڑھتا رہے گا اور ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب یہ پرچم امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں پیش کیا جائے گا اور دنیا بھر میں توحید، عدل اور اسلام کا بول بالا ہو گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha