جمعہ 17 جولائی 2026 - 16:41
دشمن کے ساتھ بے نتیجہ اور نقصان دہ مذاکرات کی امید ترک کی جائے: آیت اللہ سعیدی

حوزہ/ امام جمعہ قم آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا ہے کہ بعض لوگوں کو بے نتیجہ اور نقصان دہ مذاکرات سے وابستہ امیدوں سے باہر آنا چاہیے، کیونکہ ایسے دشمن سے مذاکرات، جو اسلامی جمہوریہ کے خاتمے کا خواہاں ہو، کسی فائدے کا باعث نہیں بن سکتے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید محمد سعیدی نے قم میں نماز جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے رہبرِ شہید کی تاریخی تشییع جنازہ کو انقلابِ اسلامی کی تاریخ کا اہم موڑ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق میں لاکھوں افراد کی غیر معمولی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ رہبرِ شہید عوام کے دلوں میں غیر معمولی مقام رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عظیم اجتماع اسلامی جمہوریہ کی معنوی، عوامی اور تمدنی طاقت کا مظہر تھا اور اس نے محاذِ مقاومت کی قوت کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا

آیت اللہ سعیدی نے مسلح افواج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن کو دیا گیا مؤثر جواب واضح پیغام رکھتا ہے۔ انہوں نے خطے کے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو امریکہ اور صہیونی حکومت کی جارحانہ کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔

انہوں نے مذاکرات کے موضوع پر کہا کہ ایسے دشمن سے بات چیت، جو اسلامی جمہوریہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہو، سودمند نہیں ہو سکتی اور حقیقی امن کمزوری کے موقف سے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے بقول جہاں مزاحمت اختیار کی گئی، دشمن پسپا ہوا اور جہاں پسپائی اختیار کی گئی، وہ مزید جری ہو گیا۔

امام جمعہ قم نے لبنان کی مزاحمت کو امتِ مسلمہ کے لیے نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایمان، استقامت اور اللہ پر توکل ہی خطے کے عوام کی نجات کا راستہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رہبرِ شہید کی عظمت ان کی شہادت کے بعد پہلے سے زیادہ نمایاں ہوئی اور عوام نے ان کی خدمات کی حقیقی قدر کو بہتر انداز میں محسوس کیا۔ آیت اللہ سعیدی نے رہبرِ معظم انقلاب کی ہدایات پر عمل، قومی اتحاد کے تحفظ اور دشمن کی ثقافتی یلغار کا مقابلہ ایمان، آگاہی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے کرنے پر بھی زور دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha