حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیستان و بلوچستان میں رہبرِ انقلابِ اسلامی کے نمائندے کا تعزیتی پیغام مندرجہ ذیل ہے۔
بسم الله الرحمٰن الرحیم
وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِینَ قُتِلُوا فِی سَبِیلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا ۚ بَلْ أَحْیَاءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ یُرْزَقُونَ.
ہمیں گہرے رنج و افسوس کے ساتھ میرجاوہ کے اہلِ سنت کے امامِ جمعہ، جناب مولوی محمد انور ریگی کی مظلومانہ شہادت کی خبر موصول ہوئی، جو دہشت گرد عناصر کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں پیش آئی۔ میں اس عظیم سانحے پر مرحوم کے معزز اہلِ خانہ، اہلِ سنت کے علمائے کرام اور صوبۂ سیستان و بلوچستان کے شریف عوام کی خدمت میں تعزیت اور تبریک پیش کرتا ہوں اور خداوندِ متعال سے مرحوم کے لیے بلندیِ درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم کی دعا کرتا ہوں۔
شہید مولوی محمد انور ریگی ہمیشہ اسلامی انقلاب کے آرمانوں سے وفادار اور دین و قومی وحدت کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتے تھے۔ اس متقی، منکسر المزاج اور انقلابی عالم کی جدوجہد اور اسلامی انقلاب کے لیے ان کی حمایت، دشمنانِ انقلاب کی مسلسل پروپیگنڈا مہم اور میڈیا کے ذریعے کردارکشی کے باوجود کبھی متزلزل نہ ہوئی۔ انہوں نے اپنی بصیرت اور دانائی سے ثابت کیا کہ اسلامِ نابِ محمدیؐ اور اسلامی وحدت سے ان کی وابستگی حقیقی اور مخلصانہ تھی۔
مرحوم ہمیشہ انقلابِ اسلامی کے نظریے کے حامی رہے اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتے رہے۔ حالیہ مسلط کردہ جنگ کے کٹھن دنوں میں بھی وہ ملت کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور اس سرزمین کی عزت، وقار اور سالمیت کا دفاع کیا۔ ان کا یہ کردار اس حقیقت کا مظہر تھا کہ اس ملک میں شیعہ اور سنی بھائیوں کے درمیان وحدت کی جڑیں دشمن کی ہر سازش اور تفرقہ انگیزی سے کہیں زیادہ گہری ہیں۔
اس ملت کے دشمن خطے میں محاذِ مقاومت کی حالیہ کامیابیوں سے شدید غصے اور اضطراب کا شکار ہیں اور عوام بالخصوص اہلِ سنت کے علماء کی امامِ شہید کے عظیم الشان جنازے میں بھرپور شرکت نے ان کی اس ناراضی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ غاصب صہیونی رژیم اور اس کے امریکی سرپرستوں نے اسی انتقامی جذبے کے تحت اس جرم کا ارتکاب کیا، غافل اس حقیقت سے کہ اس قسم کی دہشت گرد کارروائیاں ملتِ ایران کے عزم اور اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کے سوا کوئی نتیجہ برآمد نہیں کریں گی۔
ہم اس مجاہد عالم کی عزت مندانہ شہادت کو نیک شگون سمجھتے ہیں اور بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہیں کہ ان کا پاک خون ملتِ ایران کے اتحاد اور بیداری کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہو۔
مصطفیٰ محامی؛ صوبۂ سیستان و بلوچستان میں اہلِ سنت کے امور میں رہبرِ معظم کے نمائندہ









آپ کا تبصرہ