پیر 20 جولائی 2026 - 22:58
شہداء کے خون پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسرائیل کا مکمل انخلا ہماری اولین شرط ہے، شیخ علی الخطیب

حوزہ/ لبنان کی شیعہ سپریم اسلامی کونسل کے نائب صدر شیخ علی الخطیب نے کہا ہے کہ شہداء کے خون پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صہیونی فوج لبنان کی تمام مقبوضہ سرزمین سے مکمل انخلا کرے، بے گھر شہریوں کی باعزت واپسی، متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور لبنانی قیدیوں کی رہائی کو ہر مذاکرات سے پہلے یقینی بنایا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی شیعہ سپریم اسلامی کونسل کے نائب صدر شیخ علی الخطیب نے کہا ہے کہ شہداء کے خون پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صہیونی فوج لبنان کی تمام مقبوضہ سرزمین سے مکمل انخلا کرے، بے گھر شہریوں کی باعزت واپسی، متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور لبنانی قیدیوں کی رہائی کو ہر مذاکرات سے پہلے یقینی بنایا جائے۔

شیخ علی الخطیب نے اپنے بیان میں کہا کہ مزاحمتی مجاہدین اور عام شہریوں کی قربانیوں کو کسی سیاسی سودے بازی کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔ ان کے مطابق اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا، شہریوں کی واپسی، تعمیر نو اور قیدیوں کی رہائی کے بعد ہی قومی دفاعی حکمت عملی پر بات چیت کی جا سکتی ہے تاکہ ایسا قومی فوجی نظام تشکیل دیا جائے جو لبنان کی خودمختاری اور عوام کا تحفظ یقینی بنا سکے۔

انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو خطے میں جارحیت، قتل عام اور تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پالیسی طاقت کے ذریعے اقوام کو کمزور کرنے اور ان کے وسائل پر قبضہ کرنے کی ہے، جبکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی انہیں کوئی پروا نہیں۔

شیخ الخطیب نے لبنان کی بعض سیاسی شخصیات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں قومی موقف اختیار کرنے کے بجائے دشمن کے مؤقف کو تقویت دے رہے ہیں۔ ان کے بقول، آج کی جنگ حق و انصاف اور ظلم و جارحیت کے درمیان ہے، جس میں بالآخر کامیابی مزاحمت کے حصے میں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ لبنان، غزہ، ایران، عراق اور یمن کے عوام نے ثابت قدمی کی مثال قائم کی ہے اور انہیں یقین ہے کہ امریکہ اور اسرائیل اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

شیخ الخطیب نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کی جانب سے دیہات اور آبادیوں کی منظم تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لبنانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کو عرب اور بین الاقوامی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھائے اور شہریوں کی املاک کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے شہید رہبر معظم کے جنازے میں شرکت کے دوران ایرانی سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، جنہوں نے لبنان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق ایران نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اسرائیل کے مکمل انخلا تک لبنان کے مؤقف کی حمایت جاری رہے گی۔

اپنے خطاب کے اختتام پر شیخ علی الخطیب نے لبنانی عوام کی استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو جھوٹے وعدوں اور غلط سیاسی اندازوں سے ہوشیار رہنا چاہیے اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے متحد رہنا ہوگا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha