جمعرات 4 جون 2026 - 18:37
جب تک صہیونی قبضہ باقی ہے، مزاحمت جاری رہے گی: نعیم قاسم

حوزہ/ لبنان میں حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ مزاحمت کو روکنے کے لیے کسی فریق کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی اور جب تک صہیونی جارحیت اور قبضہ جاری ہے، مزاحمت بھی جاری رہے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان میں حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے امام خمینیؒ کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب ایران نے بے شمار مشکلات کے باوجود مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی اور دنیا بھر کی آزادی پسند تحریکوں کی حمایت جاری رکھی۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کی مزاحمتی تحریک نے امام خمینیؒ کی فکر اور روش سے الہام حاصل کیا، تاہم وہ اپنے وطن، سرزمین اور عوام کے دفاع کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

انہوں نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان کسی بھی قسم کے براہِ راست مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مذاکرات لبنانی عوام کے لیے قابل قبول نہیں ہیں۔ ان کے مطابق بعض بیرونی منصوبوں کا مقصد لبنان کو "گریٹر اسرائیل" کے منصوبے میں شامل کرنا اور مزاحمت کو غیر مسلح کرنا ہے، جو لبنان کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے خطرہ ہے۔

نعیم قاسم نے "واشنگٹن اعلامیہ" کو لبنان میں انتشار اور داخلی اختلافات پیدا کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سیاسی ذرائع سے وہ مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے جن میں اسے جنگ کے میدان میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ مکمل جنگ بندی، اسرائیلی افواج کا لبنانی سرزمین سے انخلا اور قیدیوں کی رہائی ہی کسی بھی معاہدے کی بنیاد ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک لبنانی دیہات غیر محفوظ ہیں اور اسرائیلی حملے جاری ہیں، صہیونی آبادکار بھی امن و سکون سے نہیں رہ سکیں گے۔

انہوں نے لبنانی عوام سے قومی اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں اتحاد ہی لبنان کی اصل طاقت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha