پیر 12 مئی 2025 - 16:29
لبنانی عوام دباؤ میں نہیں آئیں گے، مزاحمت کے راستے پر ثابت قدم ہیں: شیخ علی یاسین

حوزہ/ لبنان کے جنوبی شہر صور میں منعقدہ علمی نشست کے سربراہ حجت الاسلام شیخ علی یاسین نے زور دے کر کہا ہے کہ صہیونی جارحیت اور امریکہ کی جانب سے لبنان کے خلاف جاری محاصرہ، لبنانی عوام کے عزمِ مزاحمت کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کرے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے جنوبی شہر صور میں منعقدہ علمی نشست کے سربراہ حجت الاسلام شیخ علی یاسین نے زور دے کر کہا ہے کہ صہیونی جارحیت اور امریکہ کی جانب سے لبنان کے خلاف جاری محاصرہ، لبنانی عوام کے عزمِ مزاحمت کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ لبنان، دشمن کے مقابلے میں مزاحمت کرنے والا ملک ہے اور دشمن کی مسلسل جارحیت یا امریکی دباؤ اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے حالیہ اسرائیلی حملوں کے مقابلے میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، انہیں نہ لالچ اور نہ ہی دھمکیاں اپنے راستے سے ہٹا سکتی ہیں۔ وہ نہ سفارت خانوں کے مطالبات کو تسلیم کریں گے اور نہ ہی بیرونی منصوبہ سازوں کے عزائم کو۔

شیخ یاسین نے لبنانی حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مسلسل غیر حاضری اور عوام کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو نظرانداز کرنا، خاص طور پر ان کی حفاظت، واپسی، نقصانات کا ازالہ اور مجروحین و اسیران کی داد رسی جیسے مسائل میں کوتاہی، ناقابل قبول ہے۔ یہ دانستہ غفلت ریاستی اداروں اور ملکی آئین کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

انہوں نے دنیا کے حریت پسندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کو نسل کشی سے بچانے کے لیے آگے بڑھیں۔ انہوں نے صہیونی و امریکی افواج کی جانب سے ایک سال سے جاری قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بیشتر عرب و اسلامی حکومتیں فلسطین اور اس کے عوام سے عملاً دستبردار ہو چکی ہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر، انہوں نے یمن کے عوام اور ان کے استقامت بھرے موقف کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ طاغوتی قوتوں کے خلاف ایک بڑی جنگ میں مصروف ہیں، جو ان شاء اللہ جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha