حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے مسلسل حملوں کی مذمت کی اور قابض اسرائیل اور اس کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف قومی، عربی اور اسلامی سطح پر مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔
حماس نے امریکی جارحیت کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "یمن پر امریکہ کے مسلسل حملے درحقیقت اسرائیلی جارحیت کے لیے ایک پردے کے طور پر کام کر رہے ہیں۔"
بیان میں مزید کہا گیا کہ شام پر اسرائیلی حملے اسی طرح کی جارحیت کا تسلسل ہیں، جو غزہ، مغربی کنارے اور بیت المقدس میں صہیونی فاشسٹ ریاست انجام دے رہی ہے۔
گزشتہ روز، اسرائیل نے شام میں حمص اور حماہ کے علاقوں میں فوجی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا اور دمشق کی حکومت کو دھمکی دی کہ یہ حملے "مستقبل کے لیے ایک انتباہ" ہیں۔
حماس نے اس تازہ جارحیت کو "صہیونی ریاست کی دہشت گردانہ تاریخ میں ایک اور وحشیانہ اضافہ" قرار دیا اور درعا کے عوام کی مزاحمت کو سراہا، جو اسرائیلی جارحیت کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ صہیونی قابض افواج فلسطینی عوام کے خلاف ظلم و جبر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں جبری بے دخلی، قتل و غارت، اور محاصرے کے ذریعے انہیں بھوکا رکھنا شامل ہے۔
آپ کا تبصرہ