جمعہ 28 مارچ 2025 - 03:52
یوم قدس، اسلام کی حیاتِ نو، شیاطین اور زمانے کے طاغوتوں کی غلامی سے نجات کا دن ہے

حوزہ / ان شاء اللہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو امام خمینی (رہ) اور آزادیِ قدس کے شہداء کے مکتب کی پیروی میں عالمی یوم قدس کی ریلی میں شرکت کریں گے اور خدا کی خاص عنایت سے جلد ہی غاصب صیہونی حکومت کی نابودی کا مشاہدہ کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوم قدس کے موقع پر حوزہ علمیہ قم کے اعلیٰ سطحی و دروسِ خارج کے اساتذہ کی تنظیم کا بیانیہ درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

یوم قدس، اسلام کی حیاتِ نو، شیاطین اور زمانے کے طاغوتوں کی غلامی سے نجات کا دن ہے۔

یوم قدس، بین الاقوامی صیہونی غاصبوں، اسرائیل اور ان کے خونخوار حامیوں کے ہاتھوں کو فلسطین سے کاٹنے کا دن ہے جو اللہ تعالیٰ کی قدرت اور امت مسلمہ، آزادی کے متوالوں اور دنیا کے مستضعفین کے اتحاد سے ممکن ہے۔

جب انقلاب اسلامی ایران کے عظیم بانی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے 16 مرداد 1358 (13 رمضان 1399 ہجری قمری) کو رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو "یوم قدس" قرار دیا تو کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ اس وقت کی عالمی طاقت، امریکہ کی فوجی اور میڈیا تسلط کے باوجود مسئلہ فلسطین دوبارہ عالمی سیاست کا مرکز بن جائے گا اور آہستہ آہستہ اسرائیل، جو نیل سے فرات تک کے منصوبے اور اسلامی دنیا کے وسائل کو عالمی مستکبرین کے فائدے کے لیے لوٹنے کے خواب دیکھ رہا تھا، پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔ یہاں تک کہ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ حماس کے مجاہدین کے آپریشن "طوفان الاقصیٰ" کے بعد، اسرائیل نے 47 ہزار سے زائد مظلوم غزہ کے شہریوں کو شہید کرنے کے باوجود اپنے کسی بھی اعلان کردہ مقصد کو حاصل نہیں کیا۔

جی ہاں، غاصب اسرائیل نہ تو اپنے قیدیوں کو آزاد کرا سکا، نہ ہی غزہ کے عوام کو ان کے علاقے سے بے دخل کر سکا اور نہ ہی حماس کو غیر مسلح کر کے میدانِ جنگ سے ہٹا سکا۔

آج، امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی اس حکمت عملی کی اہمیت واضح ہو چکی ہے اور یہ ثابت ہو چکا ہے کہ قدس کی آزادی کا واحد راستہ امت مسلمہ، بالخصوص فلسطینی عوام کا اتحاد اور اللہ کی لا زوال قدرت پر بھروسہ ہے۔

اسی بنیاد پر، رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی، جو امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے برحق جانشین ہیں، نے اس بابرکت دن کی سب سے نمایاں خصوصیت کو امت مسلمہ کا اتحاد قرار دیا ہے اور اس نامگذاری کے پیغام کو مسلمانوں کے درمیان تفرقے سے اجتناب کی تلقین سے تعبیر کیا ہے۔

حوزہ علمیہ قم کے اعلیٰ سطحی و دروسِ خارج کے اساتذہ کی یہ تنظیم اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اسلامی ممالک کی حکومتوں کی جانب سے مذاکرات اور تعلقات کی بحالی کی ہر کوشش دراصل دشمن کی وہ حکمت عملی ہے جو اسلامی سرزمینوں پر قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے اپنائی جا رہی ہے۔ امتِ حزب اللہ کی کامیابی کا واحد راستہ، بالخصوص بچوں کے قاتل اسرائیل اور عالمی ظالم قوتوں کے خلاف، مسلسل استقامت اور صیہونیت کے خلاف جدوجہد ہے۔

ان شاء اللہ، رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو امام خمینی (رہ) اور آزادیِ قدس کے شہداء کے مکتب کی پیروی میں عالمی یوم قدس کی ریلی میں شرکت کریں گے اور خدا کی خاص عنایت سے جلد ہی غاصب صیہونی حکومت کی نابودی کا مشاہدہ کریں گے۔

حوزہ علمیہ قم کے اعلیٰ سطحی و دروسِ خارج کے اساتذہ کی تنظیم

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha