حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے طائفۂ دروز (موحدین) کے شیخ عقل، شیخ سامی ابی المنیٰ نے کہا ہے کہ وطن کی نجات کا واحد راستہ عوام کا اتحاد اور حالات کے نتائج پر گہری نظر رکھنا ہے، خصوصاً ایسے کھلے جارحانہ رویے کے مقابلے میں جو بین الاقوامی قراردادوں اور معاہدوں کی کوئی پروا نہیں کرتا۔
انہوں نے شمالی، وسطی اور مغربی بقاع کے عرب قبائل اور شام سے تعلق رکھنے والے شیوخ و بااثر شخصیات کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ملک میں استحکام کے قیام کے لیے صہیونی حکومت کی جارحیت سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر سنجیدگی سے نظرثانی ضروری ہے۔
شیخ سامی ابی المنیٰ نے واضح کیا کہ ایک غاصب اور ظالم دشمن کے ساتھ امن ممکن نہیں، جو تسلط اور مزید توسیع کے خواب دیکھتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پائیدار استحکام اسی وقت قائم ہوسکتا ہے جب اسرائیلی فوج مکمل طور پر ان علاقوں سے پسپائی اختیار کرے، مقامی باشندوں کو ان کے شہروں اور بستیوں میں واپس جانے کا موقع ملے اور حکومت اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عوام کو ان کی سلامتی اور زندگی کے تحفظ کی ضمانت دے۔
دروزی رہنما نے لبنان اور شام میں اتحاد اور اختلافات کے خاتمے کی ہر کوشش کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تقسیم اور تفرقہ پھیلانے کے منصوبوں کے مقابلے میں سب سے مؤثر ہتھیار اتحاد، مشترکہ موقف اور دشمن کی جانب سے پیدا کی جانے والی سازشوں اور فتنہ انگیزیوں کے بارے میں بیداری ہے۔









آپ کا تبصرہ