حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ مہتاب باغ میں قائم درسگاہ باغ سکینہ سلام اللہ علیہا میں امتحانات میں کامیاب اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید شمس الحسن رضوی کی زیرِ صدارت جلسۂ تقسیمِ انعامات منعقد ہوا۔
جلسہ کا آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا، جس کے بعد مولانا سید علی ہاشم عابدی نے خطاب کیا۔ انہوں نے دینی تعلیم و تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شریعت کی تعلیمات کے مطابق اولاد کو دینی تعلیم و تربیت فراہم کرنا والدین کی اہم ذمہ داری اور اولاد کے حقوق میں شامل ہے، جس کی ادائیگی والدین پر لازم ہے۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے معلمِ قرآن کی قدردانی کے حوالے سے روایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے معلمِ قرآن کی تشویق و قدردانی فرمائی اور انہیں انعام سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام نے جس طرح شعراء کی حوصلہ افزائی فرمائی، اسی طرح تعلیمِ قرآن سے وابستہ افراد کی خدمات کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا اور ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔
جلسہ کے اختتام پر امتحانات میں کامیاب اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے اور ان کی تعلیمی و دینی سرگرمیوں کو سراہا گیا۔
واضح رہے کہ جناب محمد کاظم جامی کے قائم کردہ امام بارگاہ باغ سکینہ سلام اللہ علیہا میں 2023ء سے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید شمس الحسن رضوی کی زیرِ نگرانی اطفالِ ملت کی دینی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔ درسگاہ میں مولانا دلاور مہدی ممتاز الافاضل، مولانا طاہر رضا ممتاز الافاضل اور عالمہ خواہر دلکش فاطمہ تدریسی فرائض انجام دے رہی ہیں۔










آپ کا تبصرہ