تحریر: مولانا ظہور مہدی مولائی
حوزہ نیوز ایجنسی| قارئین کرام آپ جانتے ہیں کہ باطل و استبدادی شاہی حکومت کی سرنگونی اور بے دین و عیاش شاہ پہلوی کے فرار کرنے کے بعد ایران کا موجودہ اسلامی انقلاب اور دینی نظامِ حکومت، علماء و مجتہدین کی طاقت فرسا مشقتوں اور مؤمنین کی نہایت عظیم جانفشانی اور قربانیوں کے نتیجہ میں 1979 عیسوی میں رونما ہوا تھا۔
بحمد اللہ ایران میں یہ انقلاب و نظام اپنی ان گنت وسیع و کشادہ برکتوں کے ساتھ ابھی تک پا برجا ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ دشمنان اسلام اس کے وجود کو اپنے مفسدانہ و مستکبرانہ اقتدار اور ظالمانہ و ستمگرانہ عزائم و مقاصد کے لئے اتنا خطرناک سمجھتے ہیں کہ آج تک اسے ختم کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے ہوئے ہیں اور ابتدا سے لے کر ابھی تک ایران کی دینی و انقلابی قوم پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑنے کا منحوس و ناجائز سلسلہ جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔
اس لئے عقلی و شرعی دونوں لحاظ سے اہل اسلام و ایمان کا فرض ہے کہ اس باعظمت اسلامی انقلاب و نظام کی ہر ممکن نصرت و حمایت کریں اور اس کے تئیں کوئی ایسا عمل انجام نہ دیں جس سے اس کی مخالفت و اہانت اور دشمنان اسلام کی موافقت و تقویت لازم آئے۔
خدا نخواستہ اگر کوئی مسلمان و مومن عمداً اس کی مخالفت و اہانت کرتا ہے تو یاد رکھنا چاہیئے کہ بارگاہ الہی میں اسے ہزارہا مظلوموں اور شہیدوں کے خون کی توہین کا جواب دینا ہوگا۔
الحمد للہ اس سلسلہ میں اپنی عالمانہ و فقیہانہ ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے ہمارے عظیم و عالی قدر علما و فقہاء نے اپنے فتووں کے ذریعہ اسلامی امت کی بڑے واضح انداز میں راہنمائی فرمائی ہے ، البتہ ان کی تعداد بہت زیادہ ہے لیکن ہم مرحوم مجتہدین میں فقط امام خمینی علیہ الرحمہ کا فتوی نقل کرنے کے بعد چند معروف موجود فقہا و مراجع کرام کے فتاوی کا ذکر کر رہے ہیں:
1۔ آیت اللہ العظمی امام خمینی علیہ الرحمہ نے فرمایا ہے:اگر حفظ اسلام جزو فریضههای بزرگ است و بزرگترین فریضه است، بر همه ما و شما و همه ملت و همه روحانیون حفظ این جمهوری اسلامی از اعظم فرایض است۔(1)
یعنی :اگر اسلام کی حفاظت بڑے فرائض میں سے ہے اور سب سے بڑا فریضہ ہے ، تو ہم سب، پوری ملت اور تمام علما پر جمہوری اسلامی کی حفاظت سب سے بڑا فرض ہے۔
2۔ آیت اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی دام ظلہ نے فرمایا ہے:وجوب حفظ نظام و حرمت اختلال در آن، از جمله احکام اوّلیّه است۔(2)
یعنی: اس نظام کی حفاظت واجب اور اس میں خلل ڈالنا حرام ہے، اور یہ احکامِ اوّلیہ میں سے ہے۔
3۔ آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی دام ظلہ نے فرمایا ہے: کانون این نظام ، قانون اساسی و ولایت فقیه است و حفظ این نظام از اوجب واجبات است۔(3)
یعنی: اس نظام کا محور بنیادی آئین اور ولایتِ فقیہ ہے، اور اس نظام کی حفاظت واجبات میں سب سے اہم واجب ہے۔
4۔ آیت اللہ العظمی جعفر سبحانی دام ظلہ نے فرمایا ہے:هر حرکتی که به ضرر نظام باشد و موجب تضعیف رهبری شود، مسلماً حرام است۔(4)
یعنی: ہر وہ حرکت و عمل جو (اس) نظام کے لیے نقصان دہ ہو اور رہبری کو کمزور کرنے کا سبب ہو، یقیناً حرام ہے۔
انھوں نے تاکید کرتے ہوئے یہ بھی فرمایا ہے:ما باید با چنگ و دندان از نظام اسلامی محافظت کنیم۔(5)
یعنی ہمیں نظام اسلامی کی پوری قوت کے ساتھ حفاظت کرنی چاہیے۔
5۔ آیت اللہ العظمی عبداللہ جوادی آملی دام ظلہ نے فرمایا ہے: هر اقدام و عملی که منجر به تضعیف نظام اسلامی و آرمانهای والای امام راحل و شهدای گرانقدر گردد شرعاً جایز نبوده و حرام میباشد.(6)
یعنی : ہر وہ اقدام و عمل جو اسلامی نظام اور امام راحل( خمینی) نیز شہیدوں کے اعلیٰ مقاصد کو کمزور کرنے کا باعث بنے، شرعاً جائز نہیں بلکہ حرام ہے۔
6۔ آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین النجفی دام ظلہ نے فرمایا ہے:فعلينا السعي في المحافظة عليها، ونكون على أهبة الاستعداد لبذل كل غال ونفيس لأجل المحافظة على مكتسبات هذه الثورة في المجالات كافة، فأي انحراف لا سامح الله في المجال الديني والعقائدي والتطبيق في الفروع، وأي تساهل في سبيل المحافظة على النظام الإسلامي الأصيل وأي خلل في مسيرة التقدم، يعد استهانة بتلك الدماء الزاكيات.(7)
یعنی: ہم پر لازم ہے کہ اس (انقلاب) کی حفاظت کے لیے کوشش کریں... اور اس انقلاب کی تمام شعبوں میں حاصل شدہ کامیابیوں کی حفاظت کے لیے ہر قیمتی چیز قربان کرنے کے لیے آمادہ رہیں ، پس دینی و اعتقادی میدان میں کوئی انحراف، اور اسلامی اصیل نظام کی حفاظت میں کسی قسم کی سستی، اور ترقی کے سفر میں کوئی خلل، ان پاکیزہ خونوں کی بے حرمتی شمار ہوگا۔
7۔ آیت اللہ العظمی محمد الیعقوبی النجفی دام ظلہ نے فرمایا ہے:إضعاف الجمهورية الإسلامية الإيرانية حرام.(8)
یعنی: اسلامی جمہوریہ ایران کو کمزور کرنا حرام ہے۔
آخر کلام میں رب رحیم و کریم عز و جل سے بحق نبینا محمد و آلہ الکرام علیہم السلام یہ دعا ہے : اللھم عجل لولیک الفرج ، وارزقه العافیة والنصر و اجعلنا من انصارہ و اعوانه و شيعته المخلصين و اید نائبه المجتبی الخامنہ ای و سلمه و احفظ الجمھوریة الاسلامية الايرانية و انصر عساكر الموحدين المومنين المجاهدين واخذل الكفار والمناففين و الظالمين والعنهم واغلظ عليهم و اهلكهم اجمعين أمين رب العالمين.
حوالہ جات
1۔امام خمینی، صحیفۂ امام، ج 15، ص 363–373۔
2۔حکمت اجتماعی حجاب از منظر آیتالله العظمی مکارم شیرازی، بیان نمبر 64۔
3۔آیت اللہ نوری ہمدانی، بیانِ منتشر شدہ در ماہ دی 1388 ھ ش۔
4۔ مرکز خبر حوزہ ، دیدار آیت اللہ سبحانی باطلاب بناب ، یکم اسفند ۱۳۸۹ مطابق 20 فروری 2011۔
5۔حوالہ سابق۔
6۔آیتالله عبدالله جوادی آملی، پیام خطاب به ملت ایران به مناسبت انتخابات ریاست جمهوری ۱۴۰۰، ۲۶ خرداد ۱۴۰۰، خبرگزاری جمهوری اسلامی (ایرنا)۔
7۔ نجف اشرف، دفتر آیت اللہ بشیر نجفی کی سرکاری ویب سائٹ ، خبر/ بیان نمبر 3290 ، تاریخ بیان 8 فروری 2016۔
8۔احتجاجات في النجف رفضاً لإيقاف الرحلات الجوية الإيرانية وإغلاق المسار الجوي للزوار،تاریخ: 27 ستمبر 2026۔










آپ کا تبصرہ