اتوار 20 ستمبر 2026 - 22:11
خاندانی استحکام میں ایمان، محبت اور حسنِ معاشرت کا کردار

حوزہ/خاندان انسانی معاشرے کی بنیادی اکائی اور فرد کی فکری، اخلاقی، روحانی اور عاطفی شخصیت سازی کا اولین مرکز ہے۔ اس لیے خاندانی استحکام محض میاں بیوی کے باہمی تعلق کا مسئلہ نہیں بلکہ معاشرے کے اخلاقی و اجتماعی استحکام اور آئندہ نسلوں کی تربیت سے براہِ راست وابستہ ہے۔ اسلامی تعلیمات نے خاندان کو سکون، مودت، رحمت، ذمہ داری اور حسنِ اخلاق پر قائم ایک مقدس ادارہ قرار دیا ہے۔

تحریر: مولانا سید منظور عالم جعفری سرسوی

حوزہ نیوز ایجنسی| خاندان انسانی معاشرے کی بنیادی اکائی اور فرد کی فکری، اخلاقی، روحانی اور عاطفی شخصیت سازی کا اولین مرکز ہے۔ اس لیے خاندانی استحکام محض میاں بیوی کے باہمی تعلق کا مسئلہ نہیں بلکہ معاشرے کے اخلاقی و اجتماعی استحکام اور آئندہ نسلوں کی تربیت سے براہِ راست وابستہ ہے۔ اسلامی تعلیمات نے خاندان کو سکون، مودت، رحمت، ذمہ داری اور حسنِ اخلاق پر قائم ایک مقدس ادارہ قرار دیا ہے۔

زیرِ نظر مقالہ میں ایمان، محبت اور حسنِ معاشرت کو خاندانی استحکام کے بنیادی اور باہم مربوط عناصر کے طور پر قرآن و روایات کی روشنی میں میں جائزہ لیا گیا ہے۔ ایمان خاندان کی داخلی بنیاد ہے جو انسان میں خدا کی جواب دہی، وفاداری، صبر، عفو، ذمہ داری اور حقوق کی ادائیگی کا احساس پیدا کرتا ہے۔ محبت خاندانی تعلق کی روح ہے جو زوجین اور اولاد کے درمیان قربت، اعتماد اور وابستگی کو فروغ دیتی ہے، جبکہ حسنِ معاشرت اس محبت کا عملی اظہار ہے، جس میں باہمی احترام، نرم گفتاری، تعاون، مشاورت، عفو و درگزر اور ایک دوسرے کے حقوق کی رعایت شامل ہے۔

قرآن کریم ازدواجی زندگی کا مقصد سکون، مودت اور رحمت قرار دیتا ہے اور میاں بیوی کو ایک دوسرے کا لباس قرار دے کر باہمی حفاظت، پردہ پوشی اور سکون کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔ اس بنا پر خاندانی استحکام کے لیے معاشی آسودگی اور قانونی حقوق کی ادائیگی کے ساتھ ایک مضبوط اخلاقی و روحانی بنیاد بھی ضروری ہے، جو ایمان، محبت اور حسنِ معاشرت کے ذریعے تشکیل پاتی ہے۔

کلیدی الفاظ: خاندان، خاندانی استحکام، ایمان، محبت، مودت، رحمت، حسنِ معاشرت، حسنِ اخلاق، زوجین، قرآن، روایات۔

تمہید

خاندان انسانی تمدن کا سب سے قدیم، فطری اور بنیادی ادارہ ہے اور انسانی شخصیت کی تشکیل و تربیت کا اولین مرکز بھی۔ انسان محبت، احترام، تعاون، صبر، عفو، ذمہ داری اور حسنِ سلوک جیسے بنیادی انسانی اوصاف سب سے پہلے اپنے گھر کے ماحول سے سیکھتا ہے۔ اسی لیے خاندان کی مضبوطی صرف افراد کی خوش حالی نہیں بلکہ معاشرے کے اخلاقی استحکام اور آنے والی نسلوں کی شخصیت سازی سے بھی گہرا تعلق رکھتی ہے۔

اسلام نے خاندان کو محض ایک معاشرتی ضرورت نہیں بلکہ ذمہ داری، سکون، محبت اور تربیت پر قائم ایک مقدس ادارہ قرار دیا ہے۔ قرآن کریم نے میاں بیوی کے تعلق کی بنیاد سکون، مودت اور رحمت پر رکھی ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ اسلامی تصورِ خاندان صرف قانونی حقوق و فرائض تک محدود نہیں بلکہ ایک ایسے عاطفی، اخلاقی اور روحانی تعلق کا تقاضا کرتا ہے جس میں زوجین ایک دوسرے کے لیے سکون، محبت اور تحفظ کا ذریعہ بنیں۔

خاندانی استحکام سے مراد صرف ازدواجی رشتے کا برقرار رہنا نہیں، بلکہ ایسا متوازن خاندانی ماحول ہے جس میں زوجین اور دیگر افرادِ خاندان کے بنیادی حقوق محفوظ ہوں، باہمی احترام و اعتماد موجود ہو، اختلافات کو حکمت اور گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جائے اور گھر جسمانی، اخلاقی، روحانی اور عاطفی سکون کا مرکز بنے۔اسی تناظر میں یہ مقالہ ایمان، محبت اور حسنِ معاشرت کو خاندانی استحکام کے تین بنیادی عناصر کے طور پر زیرِ بحث لاتا ہے۔ بنیادی دعویٰ یہ ہے کہ ایمان بنیاد، محبت روح اور حسنِ معاشرت اس روح کا عملی اظہار ہے؛ اور ان تینوں کے باہمی ربط کے بغیر اسلامی تصورِ خاندان کا حقیقی استحکام مکمل طور پر متحقق نہیں ہوسکتا۔

ایمان: خاندانی استحکام کا بنیادی سرچشمہ

اسلامی اخلاق کا بنیادی سرچشمہ خدا پر ایمان ہے۔ ایمان انسان کے اندر یہ احساس پیدا کرتا ہے کہ وہ اپنے اعمال کے بارے میں صرف لوگوں کے سامنے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے سامنے بھی جواب دہ ہے۔ یہی احساس خاندان کے اندر ایک اہم اخلاقی نگرانی پیدا کرتا ہے۔ جب انسان غصے میں ہو، اختلاف کا شکار ہو یا اپنے حق کے حصول کی طاقت رکھتا ہو تو ایمان اسے یہ سوال کرنے پر آمادہ کرتا ہے کہ میرے اس رویے سے اللہ راضی ہوگا یا نہیں؟

ایمان محض ذہنی تصدیق کا نام نہیں بلکہ انسان کے عملی اور اخلاقی رویے پر اثر انداز ہونے والی ایک قلبی کیفیت ہے۔ قرآن کریم ایمان اور عملِ صالح کے تعلق کو بیان کرتے ہوئے فرماتا ہے :«إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ سَيَجْعَلُ لَهُمُ الرَّحْمَٰنُ وُدًّا » ترجمہ: بے شک جو لوگ ایمان لائے اور نیک اعمال انجام دیے، عنقریب رحمن ان کے لیے محبت پیدا کر دے گا۔ یہ آیت عمومی طور پر ایمان، عملِ صالح اور محبت کے درمیان ایک اخلاقی تعلق کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ خاندانی زندگی میں اس اصول کا اطلاق یہ ہے کہ ایمان انسان کو ایسے صالح اعمال اور اخلاقی رویوں کی طرف لے جاتا ہے جو باہمی محبت اور اعتماد کے لیے سازگار ہوتے ہیں۔

قرآن مجید مزید فرماتا ہے: «أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ » ترجمہ: آگاہ رہو! اللہ کے ذکر ہی سے دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے۔خاندانی زندگی میں سکون کی اہمیت بنیادی ہے۔ بہت سے تنازعات اصل مسئلے کی شدت سے نہیں بلکہ ذہنی اضطراب، غصے اور بے قابو ردِعمل سے سنگین ہوتے ہیں۔ ایمان انسان کو اندرونی سکون اور اخلاقی ضبط عطا کرتا ہے، جس سے اختلاف کو دشمنی بننے سے روکا جا سکتا ہے۔

ایمان سے اخلاق اور اخلاق سے خاندانی استحکام

خاندان میں ایمان کا سب سے اہم عملی اثر اخلاق کی صورت میں ظاہر ہونا چاہیے۔ اگر کوئی شخص نماز پڑھتا ہے، روزہ رکھتا ہے، مذہبی شعائر کی پابندی کرتا ہے، لیکن گھر میں مسلسل بدزبانی، ظلم، تحقیر، بدگمانی اور ناانصافی کرتا ہے تو اس کے ایمان اور خاندانی کردار کے درمیان ایک واضح فاصلہ موجود ہے۔

اسی لیے رسول اکرمؐ نے ایمان کی تکمیل کو حسنِ اخلاق سے مربوط فرمایا: أَكْمَلُ الْمُؤْمِنِينَ إِيمَانًا أَحْسَنُهُمْ خُلُقًا، وَخِيَارُكُمْ خِيَارُكُمْ لِنِسَائِهِمْ ۔ ترجمہ: مؤمنین میں ایمان کے اعتبار سے کامل ترین وہ ہے جس کا اخلاق سب سے بہتر ہو، اور تم میں بہترین لوگ وہ ہیں جو اپنی عورتوں کے لیے بہترین ہوں۔ یہ حدیث خاندان کے لیے ایک نہایت بنیادی معیار فراہم کرتی ہے: مرد کا دینی مقام اس کے گھر والوں کے ساتھ اس کے اخلاق سے بھی پہچانا جائے گا۔ اسی طرح خواتین کے بارے میں روایت ہے: جِهَادُ الْمَرْأَةِ حُسْنُ التَّبَعُّلِ ،ترجمہ: عورت کا جہاد اچھے انداز سے شوہرداری کرنا ہے۔

اسلامی روایات میں زوجین دونوں کو اپنے اپنے دائرۂ ذمہ داری میں حسنِ سلوک، وفاداری، امانت اور حقوق کی رعایت کی تعلیم دی گئی ہے۔ اس لیے خاندانی استحکام کسی ایک فریق کی ذمہ داری نہیں بلکہ زوجین کی مشترکہ اخلاقی ذمہ داری ہے۔

محبت: خاندانی زندگی کی روح

اگر ایمان خاندان کی بنیاد ہے تو محبت اس کی روح ہے۔قرآن کریم نے ازدواجی تعلق کی بنیاد کو نہایت خوبصورت انداز میں بیان فرمایا:«وَمِنْ آيَاتِهِ أَنْ خَلَقَ لَكُم مِّنْ أَنفُسِكُمْ أَزْوَاجًا لِّتَسْكُنُوا إِلَيْهَا وَجَعَلَ بَيْنَكُم مَّوَدَّةً وَرَحْمَةً ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّقَوْمٍ يَتَفَكَّرُونَ »، ترجمہ:اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تمہارے ہی لیے تم میں سے جوڑے پیدا کیے تاکہ تم ان کے پاس سکون حاصل کرو، اور تمہارے درمیان محبت اور رحمت قرار دی؛ یقیناً اس میں ان لوگوں کے لیے نشانیاں ہیں جو غور و فکر کرتے ہیں۔

اس آیت میں یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ قرآن نے صرف جذباتی کشش پر زور نہیں دیا بلکہ مودت کے ساتھ رحمت کو بھی ذکر کیا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ازدواجی محبت صرف جذباتی کیفیت نہیں بلکہ ایک ذمہ دارانہ اور پائیدار تعلق ہے۔

محبت کا تقاضا یہ ہے کہ شوہر اپنی بیوی کی کوششوں کی قدر کرے، بیوی شوہر کی محنت اور پریشانی کو سمجھے، والدین بچوں کو وقت دیں اور گھر کے تمام افراد ایک دوسرے کے جذبات کو اہمیت دیں۔ صرف دل میں محبت رکھنا کافی نہیں؛ محبت کو مناسب الفاظ اور اعمال کے ذریعے ظاہر کرنا بھی ضروری ہے۔

امام صادقؑ فرماتے ہیں: إِذَا أَحْبَبْتَ رَجُلًا فَأَخْبِرْهُ بِذَلِكَ فَإِنَّهُ أَثْبَتُ لِلْمَوَدَّةِ بَيْنَكُمْ ،ترجمہ: جب تم کسی شخص سے محبت کرو تو اسے اس محبت سے آگاہ کرو، کیونکہ یہ تمہارے درمیان محبت کو زیادہ مستحکم کرتا ہے۔ اسی طرح سے ایک اور روایت امام موسیٰ کاظمؑ کے واسطے سے رسول اکرمؐ سےنقل ہوئی: إِذا أَحَبَّ أَحَدُكُم أَخاهُ فَليُعلِمهُ فَإِنَّهُ أَصلَحُ لِذاتِ البَينِ ،ترجمہ: اگر تم میں سے کوئی اپنے بھائی سے محبت کرتا ہے تو اسے اس محبت سے آگاہ کرے، کیونکہ یہ باہمی تعلق کو زیادہ مضبوط کرتا ہے۔

شوہر کا بیوی سے محبت کا اظہار، بیوی کا شوہر کی قدرشناسی، والدین کا اولاد سے محبت بھری گفتگو کرنا اور بچوں کا والدین کے ساتھ شفقت سے پیش آنا، سب محبت کو مضبوط کرتے ہیں۔ بسا اوقات خاندانوں میں محبت موجود ہوتی ہے لیکن اس کا اظہار نہیں ہوتا۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ جذباتی فاصلے بڑھنے لگتے ہیں۔

قرآن کریم نے ازدواجی تعلق کے لیے ایک اور نہایت جامع تعبیر استعمال کی ہے: «هُنَّ لِبَاسٌ لَّكُمْ وَأَنتُمْ لِبَاسٌ لَّهُنَّ »، ترجمہ: وہ تمہارے لیے لباس ہیں اور تم ان کے لیے لباس ہو۔ لباس انسان کو جسمانی تحفظ، ستر اور سکون فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے لیے حفاظتی حصار، پردہ اور سکون کا ذریعہ بننے چاہئیں۔ لباس کا یہ قرآنی استعارہ خاندانی اخلاق کے لیے جامع رہنما اصول عطا کرتا ہے: اس قرآنی تعبیر سے زوجین کے درمیان قربت، تحفظ، پردہ پوشی اور سکون کے باہمی تقاضوں کو سمجھا جاسکتا ہے۔

حسنِ معاشرت: محبت کا عملی اظہار

محبت اگر دلی جذبہ کا نام ہے تو حسنِ معاشرت اس جذبے کی عملی شکل ہے۔قرآن کریم نے شوہروں کو واضح حکم دیا: «وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ » ترجمہ: اور ان کے ساتھ اچھے طریقے سے زندگی بسر کرو۔ لفظ معروف اپنے اندر ایک وسیع اخلاقی مفہوم رکھتا ہے۔ اس میں عزت، نرمی، انصاف، خیرخواہی، تعاون اور شائستگی شامل ہیں۔ رسول اکرمؐ سے منقول ہے: حُسْنُ الْخُلُقِ يُثْبِتُ الْمَوَدَّةَ ،ترجمہ: حسنِ اخلاق محبت و مودت کو مضبوط کرتا ہے۔

اور امیرالمؤمنینؑ سے منقول ہے:حُسْنُ الْخُلُقِ يُورِثُ الْمَحَبَّةَ وَيُؤَكِّدُ الْمَوَدَّةَ ،ترجمہ: حسنِ اخلاق محبت پیدا کرتا ہے اور مودت کو مضبوط کرتا ہے۔

خاندانی حسنِ معاشرت کے چند بنیادی مظاہر:

۱- اختلافات کے وقت صبر و تحمّل سے کام لینا: کوئی بھی خاندان اختلافات سے مکمل طور پر خالی نہیں ہوتا۔ مختلف مزاج، مختلف توقعات، معاشی مسائل، بیماری، اولاد کی تربیت اور روزمرہ کی مصروفیات اختلاف کا سبب بن سکتی ہیں۔کامیاب خاندان وہ نہیں جس میں کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو؛ بلکہ کامیاب خاندان وہ ہے جو مسئلے کو رشتے سے بڑا نہیں بننے دیتا۔

اس کے لیے صبر بنیادی اخلاقی ستون ہے۔ صبر کا مطلب ظلم، تشدد یا بنیادی حقوق کی پامالی برداشت کرنا نہیں، بلکہ روزمرہ کے اختلافات اور جذباتی اشتعال میں متوازن رویہ اختیار کرنا ہے۔ مولائے کائناتؑ فرماتے ہیں : اَلصَّبْرُ صَبْرَانِ: صَبْرٌ عَلٰى مَا تَكْرَهُ، وَ صَبْرٌ عَمَّا تُحِبُّ ، ترجمہ : صبر دو طرح کا ہوتا ہے: ایک ناگوار باتوں پر صبر اور دوسرے پسندیدہ چیزوں سے صبر ۔

۲- معمولی لغزشوں سے چشم پوشی کرنا: یہ تعلیم خاندانی زندگی میں نہایت اہم ہے۔ شریکِ حیات کی ہر معمولی غلطی کو یاد رکھنا، اسے بار بار دہرانا اور ہر اختلاف میں ماضی کے واقعات سامنے لانا محبت کو ختم کرتا ہے۔ میاں بیوی کے درمیان اختلاف سے شیطان بہت خوش ہوتا ہے چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: إِذَا اخْتَصَمَتْ هِيَ وَزَوْجُهَا فِي الْبَيْتِ، فَلَهُ فِي كُلِّ زَاوِيَةٍ مِنْ زَوَايَا الْبَيْتِ شَيْطَانٌ يُصَفِّقُ وَيَقُولُ: فَرَّحَ اللَّهُ مَنْ فَرَّحَنِي ،ترجمہ: جب عورت اور اس کا شوہر گھر میں آپس میں جھگڑتے ہیں تو گھر کے ہر کونے میں شیطان موجود ہو کر تالیاں بجاتا ہے اور کہتا ہے: اللہ اس شخص کو خوش رکھے جس نے مجھے خوش کیا۔ روایات میں میاں بیوی کے باہمی نزاع اور گھریلو اختلاف کو ناپسندیدہ قرار دیا گیا ہے، کیونکہ مسلسل نزاع خاندانی سکون اور مودت کو شدید متاثر کرتا ہے۔مولائے متقیانؑ فرماتے ہیں: وَعَظِّمُوا أَقْدَارَكُمْ بِالتَّغَافُلِ عَنِ الدَّنِيِّ مِنَ الْأُمُورِ ، ترجمہ: چھوٹی اور معمولی باتوں سے چشم پوشی کرکے اپنی قدر و منزلت کو بلند کرو۔

۳- عفو و درگزر کرنا: عفو و درگزر خاندانی زندگی کی اہم ضرورت ہے۔ قرآن مجید طلاق کے ایک حساس موقع پر بھی فضل اور درگزر کو یاد رکھنے کی تعلیم دیتا ہے: «وَأَنْ تَعْفُوا أَقْرَبُ لِلتَّقْوَىٰ ... وَلَا تَنْسَوُا الْفَضْلَ بَيْنَكُمْ »،ترجمہ: اور تمہارا درگزر کرنا تقویٰ کے زیادہ قریب ہے،۔۔۔ اور آپس میں فضل و احسان کو نہ بھولو۔

۴- اچھی گفتگو: خاندان میں بہت سے تنازعات مسئلے کی وجہ سے نہیں بلکہ بات کرنے کے غلط انداز سے پیدا ہوتے ہیں۔ اچھی گفتگو میں صرف نرم الفاظ ہی نہیں بلکہ دوسرے کی بات کو توجہ سے سننا بھی شامل ہے۔ بات کاٹنا، تحقیر کرنا، طنز کرنا اور چیخ کر گفتگو کرنا باہمی احترام کو مجروح کرتا ہے۔ اس لیے خاندانی گفتگو میں سننے کا ادب بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا بولنے کا۔ اسی لیے اس عمل کی سنگینی کو واضح کرتے ہوئے پیغمبر اکرمﷺ فرماتے ہیں:مَن عَرَضَ لِأَخِیهِ المُسلِمِ المُتَکلِّمِ فی حَدیثِهِ فَکأَنَّما خَدَش وَجهَهُ ، ترجمہ: "جس شخص نے اپنے بات کرتے ہوئے مسلمان بھائی کی بات کاٹی (یا اس کے درمیان بول پڑا)، تو گویا اس نے اس کے چہرے پر خراش لگا دی۔ یہ اصول صرف شوہر اور بیوی تک محدود نہیں بلکہ والدین اور اولاد کے درمیان بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

۵- فیصلوں میں مشورہ کرنا: خاندانی فیصلوں میں مشاورت بھی استحکام کا اہم ذریعہ ہے۔ امیرالمؤمنین علی علیہ السلام فرماتے ہیں: وَلَا ظَهِيرَ كَالْمُشَاوَرَةِ ،ترجمہ: مشاورت جیسا کوئی مددگار نہیں۔قرآن کریم بھی اہلِ ایمان کی صفت بیان کرتا ہے:«وَأَمْرُهُمْ شُورَىٰ بَيْنَهُمْ »،ترجمہ:اور ان کے معاملات باہمی مشورے سے طے ہوتے ہیں۔اہم گھریلو فیصلوں میں باہمی مشاورت احترام، اعتماد اور شراکت کا احساس پیدا کرتی ہے۔ مشاورت کا مقصد صرف فیصلہ سازی نہیں بلکہ شریکِ حیات کو یہ احساس دینا بھی ہے کہ وہ خاندانی فیصلوں میں شریک اور محترم ہے۔

۶-ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی: خاندانی استحکام کے لیے محبت کے ساتھ حقوق کی ادائیگی بھی ضروری ہے۔ محبت ایسی اخلاقی قوت ہے جو حقوق کی ادائیگی کو خوش دلی سے ممکن بناتی ہے، جبکہ حقوق کا شعور محبت کو بے قاعدگی سے بچاتا ہے۔ شوہر و بیوی دونوں کو ایک دوسرے کی عزت، عفت، رازداری، جذباتی ضروریات اور جائز حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔ روایات میں زوجین کے مشترکہ فرائض میں مودت و رحمت، احترام، ادب، خوش اخلاقی، شخصیت کا احترام اور حسنِ معاشرت کو بنیادی حیثیت دی گئی ہے۔ چنانچہ خداوندعالم قرآن کریم میں فرماتا ہے: «وَلَهُنَّ مِثْلُ الَّذِي عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوفِ »، ترجمہ: اور عورتوں کے لیے بھی معروف طریقے کے مطابق ویسے ہی حقوق ہیں جیسے ان پر ذمہ داریاں ہیں۔

۷- بچوں کی تربیت اور خاندانی استحکام : خاندان کی مضبوطی صرف شوہر اور بیوی کے تعلق تک محدود نہیں۔ بچوں کی تربیت بھی اسی نظام کا حصہ ہے۔ بچے اپنے والدین کے درمیان تعلقات کو دیکھ کر ازدواجی زندگی کا تصور قائم کرتے ہیں۔ بچے والدین کے باہمی رویے سے مستقبل کے ازدواجی کردار، جذباتی اظہار اور تنازعات سے نمٹنے کے طریقے سیکھتے ہیں۔ اس لیے اگر والدین بچوں کے سامنے مسلسل ایک دوسرے کی توہین کریں تو وہ صرف موجودہ گھر کو متاثر نہیں کررہے بلکہ بچے کے مستقبل کے خاندانی تصور کو بھی متاثر کررہے ہیں۔

نتیجہ

زیرِ نظر مطالعے سے واضح ہوتا ہے کہ اسلامی تصورِ خاندان میں ایمان، محبت اور حسنِ معاشرت خاندانی استحکام کے باہم مربوط بنیادی عناصر ہیں۔ ایمان انسان میں اللہ تعالیٰ کے سامنے جواب دہی، ذمہ داری، صبر اور حسنِ اخلاق کا شعور پیدا کرتا ہے؛ محبت زوجین کے درمیان مودت، رحمت، قربت اور اعتماد کو فروغ دیتی ہے؛ جبکہ حسنِ معاشرت ان اقدار کو عملی زندگی میں ظاہر کرتا ہے۔

صبر و تحمل، عفو و درگزر، اچھی گفتگو، مشاورت، باہمی احترام اور حقوق کی ادائیگی نہ صرف زوجین کے تعلق کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ بچوں کی اخلاقی و معاشرتی تربیت پر بھی گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ اس لیے خاندانی استحکام محض رشتہ برقرار رکھنے کا نام نہیں، بلکہ سکون، اعتماد، احترام، محبت اور ذمہ داری پر قائم ایک متوازن خاندانی ماحول کا نام ہے۔

مختصراً، ایمان بنیاد، محبت روح اور حسنِ معاشرت اس کا عملی اظہار ہے؛ اور ان تینوں کا باہمی ربط ہی مضبوط، پائیدار اور صالح خاندان کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

حوالہ جات:

قرآن کریم

نہج البلاغہ

کلینی، محمد بن یعقوب، الکافی، دارالکتب الاسلامیہ، تہران۔

حرّ عاملی، محمد بن حسن، وسائل الشیعہ، مؤسسۃ آل البیت، قم، ۱۴۰۹ھ۔

مجلسی، محمد باقر، بحارالانوار، مؤسسۃ الوفاء، بیروت، ۱۴۰۴ھ۔

آمدی ،عبدالواحد بن محمد تمیمی ، تصنیف غرر الحکم و درر الکلم

حرانى، ابن‌شعبه ، حسن بن على‏؛ تحف العقول‏؛ تصحیح علی‌اکبر غفاری؛ چاپ دوم، قم: جامعه مدرسين‏، 1404ق.

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha