حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق, لبنان کی اعلیٰ اسلامی شیعہ کونسل کے نائب حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی الخطیب اپنے دورۂ عراق کے دوران نجف اشرف اور کربلائے معلیٰ کے درمیان مختلف سرگرمیوں اور ملاقاتوں میں شرکت کی۔
اس سلسلے میں شیخ الخطیب نے متعدد بزرگ علماء سے ملاقاتیں کیں اور انہیں لبنان خصوصاً جنوبی لبنان کی تازہ صورتِ حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لبنان اسرائیلی قبضے اور جارحیت کے سائے میں مشکلات سے دوچار ہے۔
انہوں نے اس موقع پر نجف اشرف میں حضرت امیرالمؤمنین امام علی بن ابی طالب علیہ السلام کے حرم مطہر اور کربلائے معلیٰ میں امام حسین علیہ السلام اور حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے روضہ ہائے اقدس کی زیارت بھی کی۔ علاوہ ازیں نجف اشرف میں شہید سید محمد باقر صدر کے مزار پر حاضری دی اور ان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
کربلا کے گورنر نصیف جاسم الخطابی نے شیخ الخطیب کے اعزاز میں شہر کربلا میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ اس سے قبل ایک تفصیلی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں لبنان اور عراق سے متعلق مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
کربلا کے گورنر نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران صوبہ کربلا میں حاصل ہونے والے اپنے تجربات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے دوران اس صوبے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، جس کی گواہی یہاں آنے والے تمام زائرین بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ کربلا آئندہ فروری میں اپنے نئے ہوائی اڈے کا افتتاح کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
شیخ علی الخطیب نے گورنر کربلا کی خدمات اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا: عراق ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے اور اس کی سرزمین پر ہونے والی ہر پیشرفت ہمارے لیے باعثِ فخر اور باعثِ مسرت ہے۔









آپ کا تبصرہ