پیر 12 اکتوبر 2026 - 05:07
ادارہ "شہرِ علم" نجف اشرف کے قیام کے پہلے سال کی تکمیل پر نشست کا انعقاد / علمی و تبلیغی سرگرمیوں کی رپورٹ جاری

حوزہ / ادارہ "شہرِ علم" نجفِ اشرف کے قیام کے پہلے سال کی تکمیلی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فقط گزشتہ 90 روز میں سوشل میڈیا پر تقریباً 30 لاکھ مشاہدات، 46 شہروں کے ایک ہزار طلبہ و طالبات کی آن لائن کورسز میں شرکت ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارہ شہرِ علم نجفِ اشرف نے اپنے قیام کے پہلے سال کی تکمیل پر ایک پُروقار نشست منعقد کی، جس میں گزشتہ سال کی علمی، تعلیمی اور تبلیغی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ سال کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔

نشست میں ادارے کے سرپرست اور آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے وکیل حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا شیخ جعفر علی یعسوبی نے شرکت کی اور اپنی قیمتی نصائح سے شرکاء کو مستفید کیا۔ ان کی رہنمائی میں مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شرکاء نے اخلاص، نظم و ضبط اور باہمی تعاون کے ساتھ معارفِ اہل بیت علیہم السلام کی نشر و اشاعت کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ادارہ "شہرِ علم نجفِ اشرف" کے قیام کے پہلے سال کی تکمیل پر نشست کا انعقاد / علمی و تبلیغی سرگرمیوں کی رپورٹ جاری

ادارے کی جانب سے جاری کردہ پہلے سال کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق، ادارے نے سوشل میڈیا، آن لائن دینی تعلیم، ترجمہ و تالیف اور علمی مواد کی تحقیق و تدقیق کے شعبوں میں متعدد سرگرمیاں انجام دی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ادارے کے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع ہونے والی ویڈیوز اور علمی پوسٹس کو گزشتہ 90 دنوں کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 30 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا، جو معارفِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج کے لیے ادارے کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی وسیع رسائی کو ظاہر کرتا ہے۔

آن لائن دینی تعلیم اور تربیتی کورسز

ادارے نے اپنے پہلے سال کے دوران واٹس ایپ کے ذریعہ آٹھ دینی و تربیتی آن لائن کورسز منعقد کیے، جن میں پاکستان اور بیرونِ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ایک ہزار طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ شرکاء کا تعلق مجموعی طور پر 46 شہروں سے تھا۔

ان کورسز میں فقہ و احکام، معرفتِ عقیدہ، احکامِ روزہ، زکوٰۃ فطرہ، تجویدِ قرآن، ردِ شبہات، معرفتِ غدیر اور واقعۂ کربلا جیسے اہم دینی و علمی موضوعات شامل تھے۔ ہر کورس کے اختتام پر آن لائن امتحانات منعقد کیے گئے اور کامیاب طلبہ کو اعزازی اسناد اور علامتی انعامات سے نوازا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، امتحانات میں شریک طلبہ میں سے تقریباً 84 فیصد نے 100 میں سے 70 یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کیے، جو ان کورسز میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔

ادارہ "شہرِ علم نجفِ اشرف" کے قیام کے پہلے سال کی تکمیل پر نشست کا انعقاد / علمی و تبلیغی سرگرمیوں کی رپورٹ جاری

ترجمہ و تالیف کے شعبے میں پیش رفت

ادارے کے شعبۂ ترجمہ و تالیف نے ابتدائی تین ماہ کے دوران دو علمی و دینی کتابوں کے ترجمے، طباعت اور تقسیم کا کام مکمل کیا۔ ان میں شبہاتِ غدیر کے موضوع پر کتاب کے تقریباً 200 نسخے، جبکہ نمازِ شب، نمازِ غفیلہ اور لیلۃ الدفن سے متعلق کتاب کے 2 ہزار نسخے شائع کرکے مؤمنین تک پہنچائے گئے۔

علمی مواد کی اشاعت سے قبل تحقیق و تدقیق

ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ علمی و دینی مواد، سوشل میڈیا پوسٹس، ڈیزائنز اور ویڈیوز کو اشاعت سے قبل متعلقہ اساتذہ کے سامنے پیش کیا جاتا ہے، تاکہ ان کے متن، اسناد اور علمی مضامین کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس عمل کا مقصد علمی صحت، تحقیق اور مواد کے معیار کو برقرار رکھنا ہے۔

ادارہ "شہرِ علم نجفِ اشرف" کے قیام کے پہلے سال کی تکمیل پر نشست کا انعقاد / علمی و تبلیغی سرگرمیوں کی رپورٹ جاری

رضاکارانہ خدمات اور دینی جذبہ

ادارے کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے افراد دینی خدمت کے جذبے اور اجرِ الٰہی کی امید کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں اور اس کے عوض کسی قسم کا مالی معاوضہ وصول نہیں کرتے۔ تاہم، بعض تخصصی اور فنی امور ضرورت کے مطابق محدود معاوضے پر انجام دیے جاتے ہیں۔

ادارہ شہرِ علم نجفِ اشرف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یہ سرگرمیاں محض پہلے سال کی کامیابیوں تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ آئندہ بھی دینی علوم کو منظم اور عام فہم انداز میں پیش کرنے اور تعلیماتِ اہل بیت علیہم السلام کو مختلف ذرائع سے زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

ادارہ "شہرِ علم نجفِ اشرف" کے قیام کے پہلے سال کی تکمیل پر نشست کا انعقاد / علمی و تبلیغی سرگرمیوں کی رپورٹ جاری

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha