حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی شہید رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے الوداعی مراسم اور تشییع جنازہ میں شرکت کے بعد پاکستان پہنچ گئے۔ شہید رہبر کی الوداعی مراسم اور تشییع جنازہ میں 90 سے زائد ممالک کے وفود اور کروڑوں افراد نے شرکت کی جبکہ پاکستانی علماء کرام اور شخصیات کا وفد علامہ ساجد علی نقوی کی سربراہی میں تہران میں منعقدہ مرکزی مراسم میں شریک ہوا۔
قائد ملت جعفریہ نے ایران میں اپنے قیام کے دوران تہران، مشہد مقدس اور قم مقدسہ میں منعقدہ بین الاقوامی سمینارز میں شرکت کی اور مختلف دینی، علمی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اس دوران دفتر قائد ملت جعفریہ مشہد مقدس اور دفتر قائد ملت جعفریہ قم مقدسہ کے زیر اہتمام شہید رہبر انقلاب اسلامی اور ان کے ہمراہ شہید ہونے والے افراد کے ایصالِ ثواب کے لیے مجالس ترحیم، سمینارز اور مختلف مراسم منعقد کیے گئے، جن میں علماء، طلاب اور اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
انہوں نے مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضۂ اقدس اور قم مقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر پر بھی حاضری دی، جہاں انہوں نے امت مسلمہ کی سربلندی، اتحاد اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے خطابات میں کہا: رہبر شہید کے پاک خون نے انقلاب اسلامی کی عظمت اور اس کے آفاقی پیغام کو مزید تابناک بنا دیا ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: مختلف ادیان اور مذاہب کے نمائندوں کی جانب سے اظہارِ تعزیت اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ رہبر شہید کی مظلومانہ شہادت پر ہر انصاف پسند انسان رنجیدہ تھا اور ان کی عظمت اور خدمات کا معترف تھا۔









آپ کا تبصرہ