حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز تبلیغات اسلامی بلوچستان شعبہ خواتین کے زیرِ اہتمام 23 اگست 2026ء کو مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا میں رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای (ره) کی یاد میں تعزیتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں خواہران نے شرکت کی۔ اس موقع پر رہبرِ شہید (ره) کی یاد میں شمعیں روشن کرکے انہیں خراجِِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای (ره) نے اپنی پوری زندگی اسلام، قرآن، ملتِ اسلامیہ اور مظلومینِ عالم کے دفاع کے لیے وقف کی۔ انہوں نے استکبار اور ظلم کے مقابلے میں مقاومت، استقامت اور جہدِ مسلسل کا پیغام عام کیا۔ ان کی جدوجہد اور افکار عالمِ اسلام کے لیے ایک عظیم سرمایہ ہیں جبکہ ان کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے حریت، استقامت اور جہاد فی سبیل اللہ کا درس ہے۔

انہوں نے کہا: اتحادِ امت کے حوالے سے رہبرِ شہید (ره) کے افکار عالمِ اسلام کے لیے رہنما اصول کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آج امتِ مسلمہ کو فلسطین و غزہ کی صورتحال، فرقہ واریت، مذہبی منافرت اور اسلام و مسلمانوں کے خلاف عالمی استکباری قوتوں کی سازشوں سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں امت کو انتشار کے بجائے بصیرت، اتحاد اور باہمی تعاون کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اب وقت آچکا ہے کہ مسلم ممالک امریکی غلامی سے نکل کر آپس میں متحد ہوں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: یہ ماہِ مبارک رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت اور خوشیوں کا مہینہ ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے رحمت، اخلاق، عدل، محبت اور اخوت کا پیغام ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک منتشر معاشرے کو ایمان اور اخوت کے رشتے میں جوڑ کر ایک متحد امت تشکیل دی لہٰذا میلادِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا حقیقی تقاضا بھی یہی ہے کہ ہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے ہفتۂ وحدت اور اتحادِ امت کے حوالے سے کہا: میلادِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسلمانوں کو اختلافات سے بالاتر ہوکر مشترکات پر جمع ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ شیعہ اور سنی مسلمان قرآن کریم، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قبلۂ واحد کے ماننے والے ہیں۔ ہمیں باہمی احترام، رواداری اور اخوت کو فروغ دینا ہوگا اور دشمنانِ اسلام کی ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا جو مسلمانوں کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: رہبرِ شہید (ره) اتحادِ بین المسلمین کے علمبردار تھے۔ رہبرِ شہید آیت اللہ سید خامنہ ای (ره) کے پیرو اتحادِ بین المسلمین کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے خواتین اور بالخصوص دینی مدارس کی طالبات کو امت کے مستقبل کی معمار قرار دیتے ہوئے کہا: انہیں سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، قرآن کریم، اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی تعلیمات اور اتحادِ امت کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنانا چاہیے اور معاشرے میں محبت، اخوت اور اسلامی بیداری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر رہبرِ شہید (ره)، تمام شہدائے اسلام اور مظلومینِ عالم کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور شمعیں روشن کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔










آپ کا تبصرہ