حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم سندھ پاکستان کے صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایران کے زیارتی سفر کے دوران مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے شعبۂ مشہد مقدس اور شعبۂ قم کے دفاتر کا دورہ کیا اور اس موقع پر ذمہ داران اور علمائے کرام و طلاب کے ساتھ اہم ملاقاتیں اور خصوصی نشستیں منعقد ہوئیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے دفترِ مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان شعبۂ مشہد مقدس، مؤسسہ شہید عارف الحسینی کا دورہ کیا۔ دفتر آمد پر شعبۂ مشہد مقدس کے ذمہ دار حجت الاسلام عقیل حسین خان نے اراکین و ذمہ داران کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی کے اعزاز میں ایک خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی۔

نشست سے خطاب میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے طلاب کرام کو اپنی علمی و دینی تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ علمی ترقی ہی قوم و ملت کی مؤثر خدمت کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلاب کو حصول علم کے ساتھ ساتھ قومی، اجتماعی اور تنظیمی امور میں بھی فعال کردار ادا کرنا چاہیے، تاکہ وہ مستقبل میں معاشرے اور ملت کے لیے مؤثر خدمات انجام دے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حوزات علمیہ سے وابستہ طلاب ملت کا قیمتی سرمایہ ہیں، اس لیے انہیں علم، تقویٰ، بصیرت، اخلاص اور اجتماعی شعور کے ساتھ اپنی شخصیت کی تعمیر پر توجہ دینی چاہیے۔ موجودہ دور میں دینی تعلیم کے ساتھ عصر حاضر کے تقاضوں اور معاشرتی مسائل سے آگاہی بھی ضروری ہے۔
شعبۂ مشہد مقدس کے ذمہ دار حجت الاسلام عقیل حسین خان نے مصروفیات کے باوجود دفتر کا دورہ کرنے اور طلاب و اراکین کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت پر علامہ مقصود علی ڈومکی کا شکریہ ادا کیا اور شعبۂ مشہد مقدس کی تنظیمی و تبلیغی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان شعبۂ قم المقدس کے دفتر کا بھی دورہ کیا، جہاں شعبۂ قم کے صدر حجت الاسلام ذیشان الحسینی اور دیگر ذمہ داران نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم ڈبلیو ایم قم کے صدر مولانا ذیشان الحسینی نے شعبۂ قم کی تعلیمی و تبلیغی سرگرمیوں، تنظیمی امور، طلاب کے ساتھ رابطے، تبلیغی و فکری پروگراموں اور آئندہ کے لائحۂ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حجت الاسلام ذیشان الحسینی نے علامہ مقصود علی ڈومکی کو شعبۂ قم کی جاری فعالیت، تنظیمی امور اور طلاب و علماء کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے شعبۂ قم اور مشہد مقدس کے ذمہ داران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران میں مقیم پاکستانی علماء و طلاب ملت کا اہم علمی و فکری سرمایہ ہیں اور ان کے درمیان مضبوط تنظیمی رابطہ دینی، علمی اور قومی خدمات کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے تنظیمی مراکز کو علماء، طلاب اور پاکستانی زائرین و مؤمنین کے درمیان رابطے، رہنمائی اور خدمت کے مراکز کے طور پر مزید فعال بنایا جانا چاہیے۔
ان نشستوں میں ایم ڈبلیو ایم مشہد اور قم کے اراکین سمیت علماء و طلاب بھی شریک ہوئے۔









آپ کا تبصرہ