حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ عاشورا میں دفتر نمائندہ ولی فقیہ کے مسئول حجت الاسلام والمسلمین عبدالرحیم نجفقلی زادہ سرائی نے یومِ صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں شہید صحافیوں کے خون کو تاریخ کے افق پر روشن سرخ مشعل قرار دیتے ہوئے کہا: صحافیوں کا نام ہمیشہ اس سرزمین کی پیشانی پر جگمگاتا رہے گا اور ہزاروں قلم ان کے خون کی قسم کھا چکے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا: ’’اے آگاہی کے محاذ کے سوارو اور بے ستارہ راتوں کے نگہبانو! یومِ صحافت آپ کو مبارک ہو؛ آپ وہ لوگ ہیں جو خون اور قلم کی روشنائی سے تاریخ رقم کرتے ہیں۔‘‘
حجت الاسلام والمسلمین نجف قلی زادہ سرائی نے شہید صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: ’’سلام ہو ان صحافی شہداء پر جنہوں نے قلم ہاتھ میں اور کیمرہ کندھے پر اٹھایا اور آگ کے بیچ جا پہنچے۔ انہوں نے گولی تو کھائی لیکن حقیقت بیان کرنے سے ان کے لب نہیں رکے اور اپنی جان کو حقیقت کی سپر بنا دیا تاکہ سچ کی آواز خاموش نہ ہو۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’اے صحافت کے شہیدو! تمہارا خون تاریخ کے افق پر سرخ مشعل کی مانند روشن ہے اور تمہارا نام ہمیشہ اس سرزمین کی پیشانی پر درخشاں رہے گا۔ اطمینان رکھو کہ آج بھی ہزاروں قلم تمہارے خون کی قسم کھا رہے ہیں۔‘‘
حجت الاسلام نجف قلی زادہ نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’’اے میدانِ صحافت کے خبرنگارو! تم وہ لوگ ہو جنہوں نے تھکن کو زنجیروں میں جکڑ دیا اور اپنی آنکھوں سے نیند چھین لی۔ تم تاریکی کے درمیان روشنی بوتے ہو، گرد و غبار اور آگ کے درمیان حقیقت تلاش کرتے ہو اور ہر تصویر اور ہر سطر کے ذریعے آگاہی کے مورچے کی حفاظت کرتے ہو۔‘‘
انہوں نے کہا: ’’تم شہیدوں کے خون کے وارث ہو اور ان کے راستے کو آگے بڑھانے والے ہو۔ تم محض واقعات کے رپورٹ کنندہ نہیں بلکہ اس دور کی عظیم داستان کا حصہ ہو۔ تم اس لیے کھڑے ہو کہ تاریخ جان لے کہ حقیقت کبھی بے مدافع نہیں رہے گی۔‘‘
انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: ’’سلام ہو بیدار قلموں پر، سلام ہو تھکی ہوئی مگر بیدار آنکھوں پر اور سلام ہو ان لوگوں پر جو عوام کی آگاہی کی خاطر اپنی راتیں قربان کرتے ہیں۔ آپ کا دن مبارک، آپ کا راستہ روشن اور حقیقت ہمیشہ آپ کی ہم سفر اور ہم سنگر رہے۔‘‘









آپ کا تبصرہ