جمعرات 27 اگست 2026 - 11:40
پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں شہید رہبر انقلاب کے 20 اقوال

حوزہ/ شہید رہبر انقلاب کے مطابق پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی عظیم انسانی اور اخلاقی اسباق سے بھری ہوئی ہے، جو ہماری دینی و دنیاوی زندگی کے لیے کافی ہیں۔ نبوی ثقافت میں جمود، تحجر اور مایوسی کی کوئی جگہ نہیں، بلکہ آپؐ کی سیرت شجاعت، استقامت اور خلقِ خدا کی خدمت سے عبارت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جو معاشرہ اسلام کا دعویدار ہو، وہ حقیقی معنوں میں اسی وقت اسلامی کہلائے گا جب اس کے تمام شعبے پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کردار و عمل کے مطابق ہوں۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف ایک تاریخی شخصیت نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے لیے تاریخ کے اختتام تک روشنی بکھیرنے والا ایک عظیم وجود ہیں۔

شہید رہبر انقلاب نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مسلمانوں کو آپؐ کی زندگی کا مطالعہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ ذیل میں ان کے بیانات سے پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں 20 منتخب اقوال پیش کیے جا رہے ہیں:

1۔ پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک کہکشاں جیسے عظیم وجود ہیں اور آپؐ کے اندر فضائل کے ہزاروں روشن نقطے موجود ہیں۔ 1385/01/01

2۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک مکمل نمونہ ہیں؛ اللہ تعالیٰ نے عالمِ وجود میں آپؐ سے زیادہ کامل کوئی ہستی پیدا نہیں کی۔ آپؐ پوری انسانیت کو اللہ کی طرف بلانے والے اور انسانوں کے راستے کو روشن کرنے والے چراغ ہیں۔ 1385/01/01

3۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام نیکیوں، عدل، انسانیت، معرفت، بھائی چارے، ترقی و کمال اور تاریخ کے اختتام تک انسان کی مسلسل پیش رفت کے معلم تھے۔ 1383/02/18

4۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی میں اللہ کی عبادت کے ساتھ خلقِ خدا کی خدمت بھی شامل تھی۔ 1385/01/01

5۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پاک دامن تھے۔ اسلام سے پہلے کے فاسد اخلاقی ماحول میں بھی جوانی کے زمانے میں آپؐ عفت و حیا کے لیے معروف تھے۔ 1379/02/23

6۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کبھی عوام سے محبت، ان کے ساتھ نرمی اور معاشرے میں عدل قائم کرنے کی کوشش کو فراموش نہیں کیا؛ آپؐ عام لوگوں کی طرح اور انہی کے درمیان زندگی گزارتے تھے۔ 1370/07/05

7۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لوگوں کے درمیان ہمیشہ خوش باش رہتے تھے، لیکن جب تنہائی میں ہوتے تو آپؐ کے غم، حزن اور پریشانیاں ظاہر ہوتی تھیں۔ 1379/02/23

8۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم غریبوں اور کمزوروں کے ساتھ گھل مل کر رہتے تھے۔ آپؐ ظاہری شان و شوکت اور ان چیزوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتے تھے جو بظاہر جلال و عظمت کا سبب سمجھی جاتی ہیں۔ 1398/10/03

9۔ مسلمانوں کو اسلامی معاشرے میں ایک دوسرے سے بےتعلقی اور بےحسی کی کیفیت سے باہر آنا چاہیے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ آپؐ نے بےتعلقی کے ماحول کو محبت، تعاون، بھائی چارے اور باہمی تعاون پر مبنی معاشرے میں تبدیل کیا۔ 1368/07/28

10۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شجاع تھے اور دشمن کا کوئی بھی بڑا محاذ آپؐ کو متزلزل یا خوف زدہ نہیں کر سکتا تھا۔ 1379/02/23

11۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دعوت و جہاد کے میدان میں کبھی سستی کا شکار نہیں ہوئے اور قوت کے ساتھ اسلامی معاشرے کو آگے بڑھاتے رہے، یہاں تک کہ اسے عزت و اقتدار کی بلندی تک پہنچا دیا۔ 1370/07/05

12۔ عزت کے دن ہو یا ذلت کے، مشکل وقت ہو یا آسانی کا، ہر حال میں اللہ کو یاد رکھنا، اسی پر بھروسہ کرنا اور اسی سے مانگنا؛ یہی پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہمارے لیے عظیم درس ہے۔ 1370/07/05

13۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حکومتی اخلاقیات یہ تھیں کہ دشمن کی وسوسہ انگیزیوں کے مقابلے میں ہوشیار اور مؤمنین کے مقابلے میں انتہائی متواضع رہتے تھے۔ 1379/02/23

14۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی استقامت کے نتیجے میں عربستان کے بےآب و گیاہ صحراؤں کے درمیان انسانی تہذیب کا پائیدار خیمہ قائم ہوا؛جہاں کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا، ’’فَلِذٰلِکَ فَادْعُ وَاسْتَقِمْ کَمَا أُمِرْتَ‘‘۔ 1379/02/23

15۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پوری تاریخ کو اپنی فکر سے متاثر کیا اور اس پر گہرا اثر ڈالا۔ 1380/02/28

16۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین اور ثقافت میں رک جانا، پیچھے رہ جانا، تحجر اور مایوسی کی کوئی جگہ نہیں؛ ہمارے پیغمبر نے مایوسی کے خلاف جنگ کی۔ 1385/01/01

17۔ اسلام کو سستی اور جمود سے نکال کر اس میں نشاط و تازگی پیدا کی۔ 1386/12/22

18۔ ہم مسلمان اگر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت پر توجہ اور غور کریں اور ان کی زندگی سے سبق حاصل کرنا چاہیں تو یہی ہمارے دین و دنیا کے لیے کافی ہے۔ 1390/11/21

19۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کا لمحہ بہ لمحہ مطالعہ کرنا چاہیے۔ آپؐ کی زندگی کا ہر لمحہ ایک واقعہ، ایک سبق اور عظیم انسانی کمال کا مظہر ہے۔ 1387/05/09

20۔ ہمارا اسلامی معاشرہ اس وقت حقیقی معنوں میں ایک مکمل اسلامی معاشرہ ہوگا جب وہ اپنے کردار و عمل کو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طرزِ عمل کے مطابق ڈھال لے۔ 1370/07/05

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha