حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجفِ اشرف/ مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلہ) نے اپنے مرکزی دفتر نجفِ اشرف میں جمہوریۂ عراق میں پوپ کے نمائندے اور ویٹیکن کے سفیر (اپوسٹولک نونسیو)، مونسیگنور میروسلاف اسٹانیسلاف واشوفسکی کا استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ عراق اور دنیا بھر میں کلدانی مسیحی برادری کے سربراہ، بطریق پولس سوم نونا اور ان دونوں کے ہمراہ آنے والا وفد بھی موجود تھا۔
ملاقات کے دوران مختلف انسانی اور معاشرتی امور پر گفتگو ہوئی، جن میں بالخصوص معاشرے کے افراد کے درمیان محبت اور پُرامن بقائے باہمی کے اقدار، نیز لوگوں کے حقوق کے تحفظ اور انسانی جانوں کی حرمت و حفاظت کی اہمیت پر زور دیا گیا، خصوصاً ایسے وقت میں جب دنیا جنگوں اور تنازعات کا سامنا کر رہی ہے، جو تباہی و بربادی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ بے گناہ انسانوں کی جانیں لے رہی ہے۔

آیت اللہ بشیر نجفی اور ان کے دونوں مہمانوں کے درمیان انسانی مشترکہ اقدار کو مضبوط کرنے، مختلف ادیان اور معاشرتی طبقات کے پیروکاروں کے درمیان مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی، تاکہ معاشرے میں امن و استحکام کی فضا کو فروغ دیا جا سکے اور انسان کی عزت و کرامت اور اس کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اسی سلسلے میں، آنے والے وفد نے آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ علی نجفی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شہری ذمہ داری اور قومی وابستگی کے جذبے کو مضبوط بنانے، نیز عراقی عوام کے مختلف طبقات کے درمیان بھائی چارے اور پُرامن بقائے باہمی کے رشتوں کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں مذہبی قیادتوں کے درمیان رابطے اور مکالمے کے تسلسل، باہمی تعاون اور احترام کے جذبے کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا، تاکہ عراقی معاشرے کے اتحاد کو مضبوط بنایا جا سکے، اس کے متنوع سماجی تانے بانے کو محفوظ رکھا جا سکے اور اس کے باشندوں کے درمیان اخوت و امن کی اقدار کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔









آپ کا تبصرہ