جمعہ 11 ستمبر 2026 - 05:44
کتاب ’’دُرَرُ البلاغہ‘‘، حوزاتِ علمیہ میں علمِ بلاغت کے فروغ کی جانب ایک نیا قدم

حوزہ / کتاب ’’دُرَرُ البلاغہ‘‘ پر حوزہ علمیہ کے اساتذہ نے حوزاتِ علمیہ کے نصاب کی تدوین و منابع کے مرکز میں نظرِ ثانی اور تکمیل کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کتاب ’’دُرَرُ البلاغہ‘‘ علمِ بلاغت کے میدان میں ایک دقیق تحقیق اور عمیق غور و فکر کا نتیجہ ہے، جسے منصور القبّاشی (الطُّرفی) نے تحریر کیا ہے اور مؤسّسہ نشرِ حوزاتِ علمیہ نے اسے زیورِ طباعت سے آراستہ کیا ہے۔

اس کتاب پر حوزہ علمیہ کے اساتذہ نے حوزاتِ علمیہ کے نصاب کی تدوین و منابع کے مرکز میں نظرِ ثانی اور تکمیل کی ہے، جس کے نتیجے میں یہ کتاب طلباء کے لیے قابلِ توجہ علمی اور عملی فوائد کی حامل بن گئی ہے۔

کتاب کی ساخت اور اس کا مواد مکمل طور پر تعلیمی اہداف کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ قدیم اور معاصر مثالوں سے استفادہ کرتے ہوئے بلاغی اور تفسیری اسالیب کی پاسداری کی گئی ہے، جس سے طلباء کے لیے مباحث کو سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔

یہ کتاب معتبر بلاغی اور تفسیری آثار کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے اور ذاتی و سلیقہ پسندانہ آراء سے گریز کیا گیا ہے۔ تاریخ کے اہم ترین بلاغی مراجع کا تعارف پیش کیا گیا ہے تاکہ تحقیق کے شائقین کے لیے راہ ہموار ہو سکے۔

اس کتاب میں ہر درس کے آغاز میں تعلیمی اہداف کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے تاکہ طالب علم اپنے سیکھنے کے سفر سے آگاہ رہے۔ اسی طرح فصیح جملوں اور اعلیٰ مضامین سے استفادہ کیا گیا ہے اور ایسی عبارتوں سے اجتناب کیا گیا ہے جو طالبانِ علم کے ذوق سے ہم آہنگ نہ ہوں۔ کتاب کے بہت سے مباحث میں ایسی تحقیقات شامل ہیں جو طالب علم کو علمِ بلاغت کے اعلیٰ مدارج تک پہنچنے کے راستے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

’’دُرَرُ البلاغہ‘‘ عربی زبان کے عمیق فہم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسے دینی متون کو سمجھنے کی کلید قرار دیتی ہے۔ یہ کتاب طلباء کو معارفِ الٰہی اور سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بہتر طور پر سمجھنے کی ضروری صلاحیت فراہم کرتی ہے اور اس امر کی کوشش کرتی ہے کہ علمِ بلاغت کو حوزوی علوم اور معاصر علوم دونوں میں اس کا شایانِ شان مقام حاصل ہو۔

اس کتاب کے حصول کے خواہش مند افراد مؤسّسہ نشرِ حوزاتِ علمیہ کی ویب سائٹ https://nashrehowzeh.ir/p/d/142 پر رجوع کر سکتے ہیں یا ایڈریس "قم، خیابان معلم، بیت امام خمینی (رہ) کے بالمقابل، مؤسّسہ انتشاراتِ حوزاتِ علمیہ" سے بھی یہ کتاب حاصل کر سکتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha