حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے مدرسہ علمیہ خاتم الانبیاء (ص) قم میں اساتذہ، منتظمین اور طلباء سے ملاقات کے دوران حوزہ علمیہ کے بارے میں محدود نقطہ نظر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: حوزہ صرف مدارس کی نگرانی و مدیریت، تعلیمی مراحل کی تنظیم یا انتظامی امور تک محدود نہیں ہے، اگرچہ یہ ضروری ہیں لیکن حوزہ کا دائرہ کار اس سے کہیں وسیع ہے۔
انہوں نے مزید کہا: موجودہ دور کے بلند اہداف، عظیم مقاصد اور بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر ہمارے اقدامات ان بلند اہداف کے مقابلے میں کم ہیں۔
حوزہ علمیہ کے سربراہ نے کہا: ایک نوجوان طالب علم کا ابتدائی تعلیمی مراحل میں ہی ان بلند افق اور وسیع منظرنامے پر غور کرنا حوزہ کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ بلکہ یہ بلند نگاہی علمی گہرائی، عملی مہارت، حکمت، ہمت اور خدا کی راہ میں جہادی روح کے ساتھ ہونی چاہیے تاکہ اس کے حقیقی ثمرات ظاہر ہوں۔ ہم درسی متون اور نظام تعلیم میں تبدیلی کے حامی ہیں بشرطیکہ علمی گہرائی اور علمی معیار متاثر نہ ہو۔

آیت اللہ اعرافی نے مدرسہ علمیہ خاتم الانبیاء (ص) کے اساتذہ، طلباء اور عملے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے اہل خانہ کے کردار کو بھی سراہا اور انہیں علمی و تربیتی کامیابیوں میں اہم قرار دیا۔
انہوں نے طلبہ کو کتاب "بہ رنگ صبر" کا مطالعہ تجویز کیا جو شہید آیت اللہ سید محمد باقر صدر کی اہلیہ کے انٹرویوز پر مشتمل ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے، تاکہ خاندانی نقطہ نظر سے شہید صدر کی شخصیت سے آگاہی ہو سکے۔
آیت اللہ اعرافی نے شہید آیت اللہ سید محمد باقر صدر کی علمی، اخلاقی اور انقلابی شخصیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: شہید صدر 47 یا 48 سال کی عمر میں شہید ہوئے لیکن آج قم، نجف، مشہد اور دیگر علمی مراکز کے حوزات علمیہ میں ان کا نام بہت سے دروس خارج میں پایا جاتا ہے۔ وہ مطلق اجتہاد رکھنے والے مجتہد تھے، نہ کہ روایتی اجتہاد، بلکہ جدید پیچیدہ فقہی و اصولی تصورات کو سمجھنے کے قابل اجتہاد۔ کہا جاتا ہے کہ وہ تقریباً 15 سال کی عمر میں مطلق اجتہاد تک پہنچ گئے تھے اور 30 سال کی عمر سے پہلے ہی اپنی فلسفیانہ اور اقتصادی تحریروں سے اسلامی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔









آپ کا تبصرہ