اتوار 30 نومبر 2025 - 09:55
حوزات علمیہ ہمیشہ تحقیق و اجتہاد کا مرکز رہے ہیں: آیت اللہ فاضل لنکرانی

حوزہ/ مرکز فقهی ائمہ اطہار(ع) کے سربراہ آیت اللہ جواد فاضل لنکرانی نے کہا ہے کہ حوزات علمیہ نے تاریخ کے ہر مرحلے میں تحقیق، تدبر اور علمی پختگی کا محور بن کر دین کی استقامت میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج انقلاب اسلامی کی برکت سے ہزاروں تحقیقی میدان کھلے ہیں جو محققین کے انتظار میں ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ فاضل لنکرانی مرکز فقهی ائمہ اطہار(ع) میں چوتھے تخصصی کتاب میلہ فقه و کلام معاصر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں حوزہ و یونیورسٹی کے محققین نے شرکت کی۔

علم خدا کی سب سے بڑی نعمت ہے

انہوں نے اپنی گفتگو کا آغاز حدیثِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا اور کہا کہ رسول اکرمؐ نے علم کو خدا کی عظیم ترین نعمت قرار دیا ہے، جو انسان کو صحیح راستہ دکھاتی اور معاشرے کو حیات عطا کرتی ہے۔

پائیدار حکومتیں وہی ہیں جو علم کی بنیاد پر قائم ہوں

آیت اللہ فاضل لنکرانی نے کہا کہ دین کی استقامت اور حکومتوں کی بقا کا راز علم اور تحقیق سے وابستہ ہے۔ جو حکومتیں علم و دانش سے روگردانی کرتی ہیں وہ پائیدار نہیں رہ سکتیں۔

حوزہ کے خلاف پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے

انہوں نے دشمنانِ دین کی جانب سے حوزات علمیہ کے بارے میں پھیلائی جانے والی منفی پروپیگنڈے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ آج بھی فعال، زندہ اور علمی مرکز ہے، ہمارے خلاف یہ کہا جاتا ہے کہ حوزہ علمیہ خاموش ہے یا کمزور پڑ گیا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حوزہ ہمیشہ سے علم و تحقیق کا سر چشمہ رہا ہے۔

انقلاب اسلامی نے نئے علمی میدان کھولے

آیت اللہ فاضل لنکرانی نے کہا کہ امام خمینیؒ کی فکر اور انقلاب اسلامی نے علوم کے ایسے دروازے کھولے ہیں جن سے آج محققین بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ہمارے پاس ہزاروں تحقیقی میدان موجود ہیں، جو اہلِ علم کے انتظار میں ہیں تاکہ خالص اور موثر دینی فکر کو دنیا کے سامنے پیش کیا جاسکے۔

کتاب میلے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نئی فکری جہتوں، نئے مباحث اور معاصر سوالات کے جواب تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے توجہ دلائی کہ کئی اہم موضوعات اب بھی تحقیق کے منتظر ہیں، جیسے حجاب کا مسئلہ جس پر سنجیدہ اور عمیق تحقیق کی ضرورت ہے۔

آیت اللہ فاضل لنکرانی نے حوزات علمیہ کے مستقبل کو روشن قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نمائش اسلام، مکتب اہل بیت(ع) اور امام خمینیؒ کے افکارِ انقلاب کے فروغ میں ایک مؤثر قدم ثابت ہوگی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha