جمعرات 24 ستمبر 2026 - 22:21
وحدتِ اسلامی کا مطلب اختلافات کا خاتمہ نہیں، اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کا احترام ہے؛ حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی

حوزہ/ پونچھ میں شیعہ فیڈریشن صوبۂ جموں ہندوستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ رحمتِ عالمؐ کانفرنس میں نمائندۂ ولی فقیہ ہند حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی کا خصوصی پیغام پیش کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کرامت حسین جعفری نے ان کا پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں انہوں نے کہا کہ وحدتِ اسلامی کا مطلب مذہبی و مسلکی اختلافات کا خاتمہ نہیں بلکہ اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کا احترام، مشترکات پر تعاون اور تفرقہ و دشمنی سے اجتناب ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ فیڈریشن صوبۂ جموں ہندوستان کے زیرِ اہتمام ٹاؤن ہال پونچھ میں عظیم الشان رحمتِ عالمؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء و ذاکرین، دانشوروں، سماجی و مذہبی شخصیات، معزز شہریوں، نوجوانوں اور طلبہ نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰؐ کی سیرتِ طیبہ، عالمگیر پیغامِ رحمت، امن، محبت، اخوت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر نمائندۂ ولی فقیہ ہند حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی کا خصوصی پیغام بھی پیش کیا گیا، جسے مولانا سید کرامت حسین جعفری نے کانفرنس کے شرکاء کے سامنے پڑھ کر سنایا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے وحدتِ اسلامی، بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ پر زور دیا۔

پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم الله الرحمن الرحیم

الحمدلله رب العالمین، والصلاۃ والسلام علی سیدنا ونبینا محمد المصطفی وآله الطیبین الطاهرین وصحبه المنتجبین

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

شہر جموں (پونچھ) میں منعقد ہونے والی اس عظیم الشان وحدتِ اسلامی کانفرنس پر مجھے دلی مسرت ہے۔ اس اہم اجتماع میں شیعہ و اہلِ سنت علماء، دانشوروں، سماجی و ثقافتی شخصیات کے ساتھ ہندو اور سکھ برادری کے نمائندگان کی شرکت، اتحاد، باہمی احترام، محبت اور پُرامن بقائے باہمی کا ایک خوبصورت پیغام ہے۔ میں اس بابرکت اجتماع کے منتظمین، بالخصوص شیعہ فیڈریشن جموں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اگرچہ مجھے اس اجتماع میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، لیکن بعض ناگزیر مصروفیات کے باعث خود حاضر ہونے سے قاصر ہوں۔ چنانچہ اپنی قلبی وابستگی اور نیک تمناؤں کے اظہار کے لیے یہ پیغام حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید کرامت حسین جعفری صاحب کے ذریعے آپ حضرات کی خدمت میں ارسال کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ وہ میرا سلام اور نیک خواہشات تمام معزز شرکائے کانفرنس تک پہنچائیں گے۔

جموں و کشمیر صدیوں سے مختلف مذاہب، مسالک اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی مشترکہ سرزمین رہا ہے۔ اس خطے کی تہذیبی تاریخ باہمی میل جول، احترام اور بقائے باہمی کی روشن مثالیں پیش کرتی ہے۔ آج بھی اس روایت کو مضبوط کرنا اور آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وحدتِ اسلامی کا مطلب مذہبی اور مسلکی اختلافات کو ختم کرنا نہیں، بلکہ اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کا احترام، مشترکات پر تعاون اور تفرقہ و دشمنی سے اجتناب ہے۔ قرآن کریم ہمیں واضح ہدایت دیتا ہے: وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا

آج کے دور میں علماء، مذہبی رہنماؤں اور سماجی شخصیات کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ معاشرے، بالخصوص نوجوان نسل، کو محبت، امن، اخلاق، انصاف، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام دیں۔ ہمارے اختلافات ایک دوسرے سے دوری اور دشمنی کا سبب نہ بنیں، بلکہ مشترک اقدار پر تعاون کا راستہ ہموار کریں۔

مختلف مذاہب کے درمیان امن، سچائی، انصاف، انسانیت کی خدمت اور دوسروں کا احترام جیسی بہت سی مشترک اقدار موجود ہیں۔ اگر ہم ان مشترک اقدار کو بنیاد بنا کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں تو معاشرے میں امن و استحکام اور باہمی اعتماد کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

ہندوستان اپنی قدیم تہذیب اور عظیم مذہبی و ثقافتی تنوع کے باعث بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کے لیے ایک اہم مثال پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ امید ہے کہ جموں و کشمیر بھی اتحاد، بھائی چارے اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ میں ایک مؤثر اور مثبت کردار ادا کرے گا۔

میں ایک بار پھر اس کانفرنس کے معزز منتظمین، بالخصوص شیعہ فیڈریشن جموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ امام خامنہ ای مدظلہ العالی کی جانب سے تمام علماء، مذہبی رہنماؤں، سماجی و ثقافتی شخصیات اور شرکائے کانفرنس کو سلام اور نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔

امید ہے کہ یہ کانفرنس محض ایک اجتماع تک محدود نہ رہے، بلکہ وحدتِ اسلامی، بین المذاہب ہم آہنگی، امن، بھائی چارے اور باہمی تعاون کے لیے ایک مسلسل اور مؤثر جدوجہد کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگی۔

اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اخوت کو مضبوط فرمائے، تمام مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان محبت، احترام اور باہمی تعاون کو فروغ دے، اور ہندوستان بالخصوص جموں و کشمیر کو امن، سلامتی، بھائی چارے اور ترقی سے سرفراز فرمائے۔

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

عبدالمجید حکیم الہیٰ

نمایندہ ولی فقیہ ہند

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha