حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے مرکز مطالعات و دینی شکوک و شبہات کے جوابات کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین پورامینی نے کہا: 10 معروف زبانوں میں مواد کی تیاری و اشاعت، شبہات کے 13 ہزار جوابات کی فراہمی، 50 ہزار سوالات و جوابات تک رسائی، تقریباً 100 کتابوں کی اشاعت اور شبہہ شناسی کے 32 سے زائد تربیتی مدارس کا انعقاد اس مرکز کی اہم صلاحیتوں میں شامل ہے۔
اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین پورامینی نے مرکز کی نئی ویب سائٹ کے مختلف حصوں کا تعارف کراتے ہوئے اس کی علمی، تحقیقی، تعلیمی اور ابلاغی سرگرمیوں کی وضاحت کی۔
مرکز کے سربراہ نے کہا: اس ادارے کی سرگرمیاں دو بڑے شعبوں یعنی شعبۂ تعلیم و تحقیق اور شعبۂ روابط و ابلاغیات کے تحت منظم کی گئی ہیں۔ نئی ویب سائٹ کا مقصد ان شعبوں کی علمی کاوشوں اور خدمات کو متعارف کرانا اور مرکز کی علمی و تحقیقی مصنوعات تک لوگوں کی رسائی کو آسان بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: نئی ویب سائٹ کی اہم خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ اس پر مواد دنیا کی 10 معروف زبانوں میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ مختلف حصوں میں مواد کو متعدد زبانوں میں ترجمہ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور مستقبل میں ان زبانوں کی تعداد میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین پورامینی نے نئی ویب سائٹ کے مختلف حصوں کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں ’’مطلبِ روز‘‘ کے عنوان سے ایک شعبہ قائم کیا گیا ہے، جہاں مرکز کے اہداف سے متعلق مضامین اور تحریریں روزانہ منتخب کرکے شائع کی جاتی ہیں۔ ان میں بعض تحریریں روزمرہ ضروریات اور موضوعات کے تقاضوں کے مطابق منتخب کی جاتی ہیں جبکہ بعض مضامین کی تیاری اور اشاعت کے لیے متعلقہ افراد کو ذمہ داری سونپی جاتی ہے۔
انہوں نے ’’شبہۂ روز‘‘ کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس حصے میں روزمرہ سامنے آنے والے دینی شبہات میں سے تقریباً پانچ شبہات منتخب کرکے ویب سائٹ کے مرکزی صفحے پر پیش کیے جاتے ہیں۔ ان شبہات اور ان کے جوابات کے لیے مرکز کے اپنے علمی ذخیرے سے استفادہ کیا جاتا ہے جبکہ بعض موضوعات پر علمی مواد کی تیاری اور اشاعت کے لیے متعلقہ افراد اور اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جاتا ہے۔
مرکز کے سربراہ نے ویب سائٹ کے ایک اور اہم حصے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: مختلف علمی مراکز اور ذرائع سے منتخب جوابات بھی اس ویب سائٹ پر فراہم کیے گئے ہیں۔ ان جوابات کو منتخب اور موضوعاتی اعتبار سے مرتب کرنے کے بعد ان کے اصل مآخذ کا حوالہ دے کر قارئین کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مجموعے میں مجموعی طور پر تقریباً 50 ہزار سوالات، جوابات اور شبہات جمع کیے گئے ہیں جنہیں 10 موضوعاتی شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ ذخیرہ علمی، اعتقادی اور دینی موضوعات پر تحقیق اور مطالعے کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین پورامینی نے ویب سائٹ کے شعبۂ کتب کے بارے میں کہا: اس میں مرکز کے علمی گروپوں کے تحت منتخب، مرتب اور تیار کی گئی کتابوں کا تعارف بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا: مرکز کی تحقیقی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ کتابوں کی صورت میں شائع کیا گیا ہے۔ اس وقت مرکز کی مطبوعات میں تقریباً 100 عنوانات پر مشتمل کتابیں شامل ہیں، جن میں مختلف اعتقادی اور کلامی موضوعات کے ساتھ دینی شبہات کا علمی جائزہ لے کر ان کے جوابات فراہم کیے گئے ہیں۔
حوزہ علمیہ کے مرکز مطالعات و دینی شکوک و شبہات کے جوابات کی نئی ویب سائٹ ’’پاسخ‘‘ علمی اور مستند انداز میں اعتقادی، دینی اور سماجی سوالات و شبہات کا جائزہ لینے اور ان کے جوابات فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے۔ یہ ویب سائٹ دینی معارف کی وضاحت اور قارئین کے سوالات کے جوابات کے لیے تخصصی مواد کی فراہمی کا ذریعہ ہے۔
اس ویب سائٹ کے اہم حصوں میں ’’پاسخ پلس‘‘، ’’پاسخ ما‘‘، خبریں، مطبوعہ آثار، مطلبِ روز، تحریریں، شبہۂ روز، خصوصی شمارے، انٹرنیٹ ٹیلی ویژن، ماہنامہ شبہات، ریڈیو پاسخ، تعارفِ کتب، شبہہ شناسی کے مطالعات کا علمی و تحقیقی ششماہی جریدہ، تخصصی سہ ماہی جریدہ ’’پاسخ‘‘ اور کامک انفو شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مرکز کی علمی اور تخصصی خدمات سے استفادہ کرنے کے لیے اس کی ویب سائٹ pasokh.org پر رجوع کیا جا سکتا ہے۔











آپ کا تبصرہ