حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے میڈیا اور اسپیس سینٹر کے سربراہ حجتالاسلام والمسلمین رضا رستمی نے اعلان کیا ہے کہ "پہلا پادکاسٹ فیسٹیول" بدھ 1 اکتوبر ۲۰۲۵ کو قم میں منعقد ہوگا۔
انہوں نے حوزہ نیوز ایجنسی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حوزہ علمیہ کے میڈیا اور سائبر اسپیس ادارے کی بنیادی ذمہ داری دینی و ثقافتی مواد کی تیاری اور ترویج ہے، اور اسی مقصد کے تحت طلاب کو مختلف میڈیا فارمیٹس جیسے موشن گرافکس اور پوڈکاسٹ کی تربیت دی جا رہی ہے۔
حجتالاسلام والمسلمین رستمی نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل زیادہ تر آڈیو فارمیٹ کی طرف مائل ہے، اسی وجہ سے اس مرکز نے اپنی ایک اہم ذمہ داری دینی و ثقافتی معارف کی اشاعت کے لیے آڈیو پروڈیوسرز کی تربیت کو قرار دیا ہے۔ ان کے بقول، اس شعبے میں ماہر افراد کی تیاری کے بعد دینی و حوزوی موضوعات پر پوڈکاسٹ پروڈکشن کے فروغ کے لیے یہ فیسٹیول منعقد کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا تین نسلوں پر مشتمل ہے؛ پہلی نسل یک طرفہ (خطی) میڈیا، دوسری نسل تعاملی میڈیا اور تیسری نسل "سیال اور ہمراہ میڈیا" ہے جس میں صارف بیک وقت مختلف سرگرمیوں کے ساتھ میڈیا کا استعمال کر سکتا ہے۔ نوجوان آج طویل مواد کی بجائے مختصر اور مؤثر فارمیٹ کو ترجیح دیتے ہیں، اسی مقصد کے تحت حوزوی اور علمی مباحث کو بھی حصوں میں تقسیم کر کے پوڈکاسٹ اور کلپس کی صورت میں پیش کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

حوزہ علمیہ کے پاس دینی و ثقافتی لحاظ سے وافر ذخیرہ موجود ہے، اور ۲۰ سالہ میڈیا تجربے کی بنیاد پر یہ ادارہ تیار شدہ مواد کو جدید فارمیٹس میں نوجوان نسل کے لیے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر میڈیا اداروں کو بھی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اس پوڈکاسٹ فیسٹیول کے زمہ دار حجتالاسلام والمسلمین سید عباس سید نژاد نے بتایا کہ "حجرۂ ہنر" کے ذریعے طلاب کی دینی و ثقافتی تربیت کے لیے ۱۶ فنون و مہارتی شعبوں میں کام ہو رہا ہے، اور نوجوان نسل کی دلچسپی کے باعث پوڈکاسٹ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
ان کے مطابق، ویب سائٹ (hresane.ir) پر پوڈکاسٹ دریافت کرنے کے لیے خصوصی سیکشن بنایا گیا تھا، جہاں تقریباً ۷۰۰ پوڈکاسٹ موصول ہوئے جن میں سے ۶۰۰ منتخب کر کے شائع کیے گئے۔ ان میں ایک تہائی غیر طلاب کی تخلیقات تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شرکت کنندگان کے لیے تربیتی کورسز بھی منعقد کیے گئے اور آخرکار ۸ انفرادی اور ۸ گروہی پوڈکاسٹ منتخب ہوئے۔ ان کامیاب شرکاء کو نقد انعامات کے علاوہ اعلیٰ سطحی تربیتی کورسز اور مرکز کے پروڈکشن پروجیکٹس میں شرکت کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
اختتامی تقریب 1 اکتوبر ۲۰۲۵ کو شام ۴ بجے قم کے "شہید آوینی کمپلیکس" میں منعقد ہوگی، جس میں حوزہ علمیہ قم کے قائم مقام مدیر حجتالاسلام والمسلمین ملکی خطاب کریں گے۔
حجتالاسلام والمسلمین سید نژاد نے مزید بتایا کہ مستقبل میں "پوڈکاسٹ موبائل ایپ" کی تیاری بھی زیرِ غور ہے تاکہ حوزہ کے تیار کردہ دینی و ثقافتی مواد کو وسیع سطح پر فروغ دیا جا سکے۔









آپ کا تبصرہ