ہفتہ 31 اکتوبر 2026 - 21:12
رہبر انقلاب اسلامی کے خیر مقدم کے پیغام کے ساتھ مشہد میں عراق کے قبائلی شیوخ کا استقبال

حوزہ/ عراق کے قبائلی شیوخ اور عمائدین کے وفد کے اعزاز میں مشہد ہوائی اڈے پر ایک سرکاری استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر اور آستان قدس رضوی کے نمائندوں اور ملک کے مختلف حکام نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تقریب کے آغاز میں قرآن مجید کی تلاوت، اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے قومی ترانوں اور امام رضا علیہ السلام کی مخصوص صلوات کے پروگرام کے بعد رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر کے بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر حجت الاسلام والمسلمین قمی، امام رضا علیہ السلام کے روضۂ اطہر آستان قدس رضوی کے قائم مقام متولی مصطفیٰ فیضی، ماہرین اسمبلی (مجلس خبرگان رہبری) کے رکن حجت الاسلام شیخ عباس کعبی اور دیگر حکام موجود تھے۔

تقریب کے آغاز میں حجت الاسلام قمی نے عراقی مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی جانب سے خیرمقدم کا پیغام عراق کے قبائلی عمائدین اور شیوخ تک پہنچایا۔

انھوں نے ایران اور عراق کے عوام کے درمیان گہرے روابط کا ذکر کرتے ہوئے امام مجاہد و شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی تشییع جنازہ میں عراقی قبائل اور عوام کے کردار اور ان کی شاندار میزبانی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد ماہرین اسمبلی کے رکن حجت الاسلام شیخ عباس کعبی نے ایران اور عراق کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امام شہید کی تشییع جنازہ کے پروگرام کے انعقاد میں تعاون پر عراقی قبائل اور عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔

اس استقبالیہ تقریب میں خوزستان کے قبائلی شیوخ میں سے ایک نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور عراقی وفد کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے جواب میں عراقی قبائلی شیوخ کے ایک نمائندے نے اس استقبال پر اظہار تشکر کیا۔

تقریب کے اختتام پر عراق کے قبائلی عمائدین اور نمائندوں میں سے ایک نے رہبر شہید اور اسی طرح آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور ایرانی عوام کی استقامت و مزاحمت کے سلسلے میں ایک نظم پڑھی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha